بادشاہی مسجد لاہور میں10مارچ کو عظیم الشان تحفظ ختم نبوت کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان

صدارت قائد جمعیت موالانا فضل الرحمان کریں گے،وفاقی وزیر سردار محمد یوسف ،صوبائی وزیر زعیم قادری مہمان خصوصی ہونگے ختم نبوت کا مسئلہ بھی پوری پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کا ایمانی مسئلہ ہے جس کا تحفظ ہم سب کا ایمانی فرض ہے‘ عبدالخبیر آزاد کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 3 مارچ 2018 18:09

بادشاہی مسجد لاہور میں10مارچ کو عظیم الشان تحفظ ختم نبوت کانفرنس منعقد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2018ء) بادشاہی مسجد لاہور میں10مارچ2018کو عظیم الشان تاریخی تحفظ ختم نبوت کانفرنس منعقد ہوگی جس کی صدارت قائد جمعیت حضرت موالانا فضل الرحمان کریں گے۔ جبکہ نگرانی کے فرائض خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبدالخبیر آزاد ادا کریں گے ۔ اس کانفرنس کے مہمانان خصوصی میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور صوبائی وزیر اوقاف سید زعیم حسین قادری ہوںگے۔

اس عظیم الشان تاریخی ختم نبوت کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام ممتاز قائدین کرام اور شعبہ ہائے زندگی کے راہنما شرکت اور خطاب کریں گے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس تاریخی اور عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے اور انتظامات کو اعلی سے اعلی بنانے کیلئے بادشاہی مسجد اور مجلس علماء پاکستان کا پر خلوص اور بھر پور تعاون عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میں حکومت پنجاب اور محکمہ اوقاف کے پر خلوص تعاون کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے بادشاہی مسجد لاہور کا پلیٹ فارم اُمت مسلمہ میں جذبہ ایمانی کو مضبوط بنانے اور عشق مصطفیٰ ؐ کو فروغ دینے میں ہمیشہ سر گرم عمل رہا ہے۔ امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے میں بادشاہی مسجد پوری قوم کی امنگوں کا مرکز ہے۔

ختم نبوت کا مسئلہ بھی پوری پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کا ایمانی مسئلہ ہے جس کا تحفظ ہم سب کا ایمانی فرض ہے۔ ناموس مصطفیٰؐ اور عشق مصطفیٰ ؐ کیلئے ہر مسلمان اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہے۔ ختم نبوت کا تحفظ اور دفاع کرنا ذریعہ نجات اور عین ایمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان تاریخی ختم نبوت کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کی تفصیلات پر میں روشنی ڈالنا چاہوں گا۔

لیکن اس سے پہلے کہ میں آگے بڑھوں اس عظیم الشان ، تاریخی ختم نبوت کانفرنس کا اہم پیغام شمع رسالت کے پروانوں اور پاکستان اور لاہور کے غیور عوام کے نام آپ کے توسط سے پوری قوم تک پہنچانا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ تحفظ ختم نبوت کا پیغام ہر گھر تک پہنچنا چاہیے اور آپ تمام حضرات اس عظیم الشان تاریخی ختم نبوت کانفرنس کی کامیابی کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور زیادہ سے زیادہ عوام کی شرکت کو یقینی بنائیں۔ میں اس کانفرنس کے ذریعے تمام حضرات کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ بابرکت کانفرنس میں زیادہ سے زیادہ شرکت فرما کر جذبہ ایمانی کا ثبوت دیں۔