وزیراعظم آزاد کشمیر نے میرپور میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے پیر گلی پیر کوڈی کالا ڈب روڈ، پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہائوس کے نئے بلاک کا افتتاح کردیا

محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران تعمیراتی کاموں کی موقع پر جاکر معیار کی پڑتال کریں، راجہ فاروق حیدر کی ہدایت

ہفتہ 3 مارچ 2018 18:35

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ضلع میرپور میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے دو بڑے پراجیکٹس اپ گریڈیشن پیر گلی پیر کوڈی کالا ڈب روڈ اور پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہائوس میرپور کے نئے بلاک کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے اسلام گڑھ کراس میں 50کروڑ 70لاکھ روپے کی لاگت سے اپ گریڈیشن پیر گلی پیرکوڈی کالا ڈب روڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔

اس موقع پر چیف انجینئر شاہرات راجہ جلیل الرحمان نے بتایا کہ اپ گریڈیشن پیر گلی پیر کوڈی کالاڈب روڈ دو فیزز میں شروع کی گئی تھی ۔فیز ون کے تحت 6.15کلو میٹر روڈ مکمل ہوچکی ہے جس پر 186.844ملین روپے کے اخراجات ہوئے ہیں جبکہ فیز ٹو 10کلو میٹر روڈ کے لیے 260.186ملین کا ورک آرڈر جاری ہوا اس منصوبے پر فزیکل پراگریس 50فیصد مکمل ہوگئی ہے جبکہ جون2018تک اس منصوبے کو مکمل کرلیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران کو ہدایات کی کہ وہ تعمیراتی کاموں کی موقع پر جاکر معیار کی پڑتال کریں ۔وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر اہتمام 12کروڑ 41لاکھ 83ہزار کی لاگت سے تیار ہونیوالے پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہائوس کا بھی افتتاح کیا ۔پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہائوس کے نئے بلاک میں 27کمرہ جات اور ایک کانفرنس ہال تعمیر کیاگیا ہے ۔

اس موقع پر آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز ،وزیر سپورٹس چوہدری محمد سعید ،وزیر ٹرانسپورٹ ناصر ڈار ، وزیر صنعت و حرفت محترمہ نورین عارف، وزیر اعظم عملدرآمدمعائنہ کمیشن کے چیئرمین کرنل (ر) وقار احمد نور ،ممبران اسمبلی چوہدری مسعود خالد ،چوہدری رخسار احمد ، وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی،سیکرٹری پی پی ایچ خواجہ محمداحسن، کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری محمد طیب و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :