مسلم لیگ ن سازشوں کے باوجود ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے‘ سینٹ الیکشن میں بھی حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے‘ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر

ہفتہ 3 مارچ 2018 19:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2018ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے سینٹ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کے حمایت یافتہ امیداواروں کی بھرپور کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سازشوں کے باوجود ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں بھی حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدواران کی مسلم لیگ ن کے انتخابی نشان سے محرومی کے باوجود شاندار کامیابی درحقیقت محمد نواز شریف کی سوچ ،وژن اور نظریے کی فتح ہے جس کو ہر سطح پر بے پناہ پذیرائی حاصل ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کی یکے بعد دیگرے تمام تر سازشیں ناکامی کا شکار ہورہی ہیں اور آنے والا ہر نیا دن محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کو عوام میں اور زیادہ مقبول کررہا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان جیسے مخالفین اور تحریک انصاف کا یہ خیال تھا کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد ان کی اقتدارتک رسائی آسان ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے طول وعرض میں رہنے والے عوام نے محمد نواز شریف کی نااہلیت کے فیصلے کو دل سے قبول نہیں کیااور وہ آج بھی محمد نواز شریف کو پاکستان کی ترقی وخوشحالی کی ضمانت مانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام میں نواز شریف کا وژن اور ووٹ کے تقدس کے حوالے سے نظریہ اور سوچ پھیل رہی ہے اس سے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی دوتہائی اکثریت سے کامیابی یقینی نظر آرہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد سینٹ کے انتخابات میں کامیابی اور عوامی جلسوں میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت سے یہ واضح ہوچکا ہے کہ اس قوم کا ایک ایک فرد نواز شریف کی سوچ،وژن اور نظریے کا محافظ بن چکا ہے جو ملک میں ووٹ کے تقدس پر مشتمل ایک حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے محمد نواز شریف کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ عوام کی مرضی ومنشاء کے برعکس کسی انجینئرڈ جمہوریت کے ذریعے نام نہاد لیڈران کو عوام پر مسلط کرنے کی کوششوں کا سد باب ہونا چاہیئے ورنہ ایسی سازشیں ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی شاندار کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن کا حدف 2018 کے عام انتخابات ہیں جس کے سلسلے میں مسلم لیگ ن اپنی پانچ سالہ کار کردگی عوام کے سامنے رکھ رہی ہے اور اس کارکردگی کو گلگت بلتستان تا گوادر عوام قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس نواز شریف کی سوچ ،وژن، نظریہ اور وعدوں کی تکمیل بڑے سرمایے ہیں جن کی بدولت پیش آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :