کشمیر میں نفرتوں کے سائے منڈلارہے ہیں‘ فاروق عبداللہ

ایک خطرناک روایت ڈالی جارہی ہے جوجموں وکشمیر کی یکجہتی کے لیے برا شگون ہے

اتوار 4 مارچ 2018 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2018ء)مقبوضہ کشمیر میں بھارت نواز نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ کٹھوعہ میں کم سن بچی کی بے حرمتی اور قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بھارتی جھنڈے کے سائے تلے نکالی گئی ریلی کے بعد جموں وکشمیر میں نفرتوں اور عدم برداشت کے سائے منڈلارہے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے جموں میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیاست کے نام پر فرقہ واریت پر تشویش کا اظہار کیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کوخبردار کیاکہ وہ لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے سے باز آئے۔ سیمینار کا اہتمام ایوان صنعت وتجارت جموں نے کیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ قتل کے ایک ملزم کو مذہب کی ڈھال کیسے فراہم کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خطرناک روایت ڈالی جارہی ہے جوجموں وکشمیر کی یکجہتی کے لیے برا شگون ہے۔