ملیر کالا بورڈ پر پٹڑی ٹوٹ گئی ،ْشہریوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لال کپڑا لہرا کر ٹرین کو روک لیا

اتوار 4 مارچ 2018 13:40

ملیر کالا بورڈ پر پٹڑی ٹوٹ گئی ،ْشہریوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2018ء)ملیر کالا بورڈ پر پٹڑی ٹوٹ گئی تاہم شہریوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لال کپڑا لہرا کر ٹرین کو روک لیا جس کے نتیجے میں پاکستان ایکسپریس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی میں ملیر کالا بورڈ کے قریب ٹرینیں گزرنے کے باعث کئی فٹ تک خستہ حال پٹڑی ٹوٹ گئی۔

شہریوں نے حاضر دماغی کا ثبوت دیتے ہوئے لال کپڑا لہرا کر وہاں سے گزرنے والی پاکستان ایکسپریس کے ڈرائیور کو خطرے سے آگاہ کیا جس نے فوراً بریک لگا کر ٹرین کو روک لیا۔ واقعہ میں اندرون ملک جانے والی پاکستان ایکسپریس ایک بڑے حادثے سے محفوظ رہی۔کراچی ایکسپریس میں مسافروں کی بڑی تعداد سوار تھی جو ممکنہ حادثے سے محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

ریلوے حکام نے جائے حادثہ کا دورہ کر کے ٹریک کی مرمت کا کام کر کے پاکستان ایکسپریس کو منزل کی جانب روانہ کیا۔

ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ فش پلیٹ کے ٹوٹنے کا واقعہ حادثاتی طور پیش آیا۔ پٹری کا 4 انچ کا حصہ ٹوٹا تھا اور 3 بولٹ نکلے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ریلوے ذرائع کے مطابق پاکستان ایکسپریس، عوام ایکسپریس، خوشحال ایکسپریس اور پاکستان بزنس کو اسی ٹریک سے گزار کر منزل کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔ پٹری کے متاثر ہونے کا واقعہ کراچی آنے والے ٹریک پر ہوا جسے درست کردیا گیا ہے۔