افغانستان میں تعینات اپنے جرمن عسکری ٹریننگ مشن کو وسعت دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں،جرمن وزیر دفاع

اتوار 4 مارچ 2018 22:20

برلن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2018ء) جرمن وزیر دفاع اٴْرزلا فان ڈیئر لائن کے مطابق وہ افغانستان میں تعینات اپنے جرمن عسکری ٹریننگ مشن کو وسعت دینے کا منصوبہ رکھتی ہیں جس کے لیے جرمن پارلیمان سے توثیق ضروری ہے۔ جرمن پارلیمان سے توثیق کے بعد افغانستان میں مذید جرمن فوجیوں کی تعینانی ممکن ہے جبکہ وہاں جرمن فوجیوں کی موجودہ تعداد 963 بنتی ہے۔

(جاری ہے)

مستقبل قریب میں یہ تعداد 1300 تک کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ واضح رہے کہ جرمن وزیر دفاع فان ڈیئر لائن افغانستان میں طالبان اور اسلامک اسٹیٹ کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو خطرہ قرار دیتی ہیں۔ دریں اثناء مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے بھی پچھلے سال افغانستان میں غیر ملکی فوجیوں کی تعداد 13 ہزار سے بڑھا کر 16 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ 2002ء سے شروع ہونے والے اس مشن کے آغاز سے لیکر اب تک افغانستان میں جرمنی کے 56 فوجی ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔