سویا بین اعلی تیل کے حصول کا ذریعہ ، اس کی کاشت زمین کی ذرخیزی میں اضافے کا سبب ہے ، محکمہ زراعت

منگل 6 مارچ 2018 11:23

لاہور۔6 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2018ء) کاشتکار زیادہ اور معیاری پیداوار کیلئے سویا بین کی کاشت جلدمکمل کریں۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق سویا بین کی فصل نہ صرف اعلیٰ کوالٹی کے تیل کے حصول کا ذریعہ ہے بلکہ اس کی کاشت سے زمین کی ذرخیزی میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ سویا بین کے بیج میں 42 فیصد تک پروٹین اور 21 فیصد تک اعلیٰ قسم کا تیل پایا جاتا ہے ۔

یہ تیل دل کے مریضوں کے لیے جبکہ سویا بین کا آٹا ذیابیطیس کے مریضوں کے لیے انتہائی مفید ہے ۔ ترجمان کے مطابق سویا بین کی زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے بہتر روئیدگی والا منظور شدہ اقسام کا 45کلو گرام تک بیج فی ایکڑ استعمال کیا جائے۔منظورشدہ اقسام میں این اے آر سی 1، این اے آر سی 2، ایف ایس 95، ولیمز 82 اور فیصل سویا بین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے کاشت سے لے کر برداشت تک کے عوامل کو مد نظر رکھنا ضروری ہے ۔

سویا بین کے لیے میرا زمین بہتر ہے جس میں پانی کا نکاس اچھا ہو۔ زیادہ پیداوار کے لیے ہموار زمین میں دو یا تین بار ہل چلائیں اور اتنی ہی مرتبہ سہاگہ دیں اورکاشت ہمیشہ صبح یا شام کے وقت تر وتر میں کریں۔ سویا بین کی کاشت خریف ڈرل یا پور سے کریں۔ قطاروں کا درمیانی فاصلہ ڈیڑھ سے 2 فٹ رکھیں اور بیج ایک سے 2 انچ گہرائی پر کاشت کریں اور کاشت سے پہلے بیج کو کرم کش زہر ٹیکہ ضرور لگائیں۔

متعلقہ عنوان :