شہریوں کا قتل ،غیر قانونی نظربند حریت رہنمائوں کی سرینگر جیل سے جموں کی جیلوں میں منتقلی کیخلاف (کل) ہڑتال ،شوپیاں کی طرف مارچ ہو گا

منگل 6 مارچ 2018 19:39

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں شہریوں کے قتل اور غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں کی سرینگر سینٹرل جیل سے جموں کی جیلوں میں منتقلی کیخلاف (کل) بدھ کو مکمل ہڑتال کی جائیگی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔

حریت رہنمائوںے ایک مشترکہ بیان میں شہریوں کے قتل اور ڈاکٹر محمد قاسم فکتو اور ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی سمیت نظربندوں کی منتقلی کو ریاستی دہشت گردی قراردیا۔ مشترکہ حریت قیادت نے اتوار کی شب ضلع شوپیا ںکے علاقے پوہو میںبھارتی فوجیوںکی طرف سے ایک پرائیویٹ گاڑی پر فائرنگ میں شہید ہونیوالے چھ شہریوں کی تعزیتی تقریب کیلئے کل شوپیاں کی طرف مارچ کی کال بھی دی ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا ہے کہ مشترکہ حریت قیادت کے رہنماء اور کارکن عوام کے ہمراہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شوپیاں کی طرف مارچ کریں گے ۔ادھر شوپیاں میں شہریوں کے قتل کے خلا ف آج مسلسل دوسرے دن بھی جنوبی کشمیر اور سرینگر کے مختلف علاقوں میں ہڑتال کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج رہا ۔، شوپیاں اور پلوامہ کے اضلاع میں تمام دکانیں، کاروباری مراکز اور سرکاری اور پرائیویٹ دفاتربند جبکہ سڑکوں پرگاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی ۔

سرینگر بانہال ٹرین سروس اوردونوں اضلاع میں انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں۔ ضلع شوپیان کے علاقوں پنجورہ اور پہنو میں لوگوں نے نوجوانوں کے قتل کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔احتجاجی مظاہرین بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان سہیل خلیل وگے کے گھر کے سامنے جمع ہوئے اور پنجورہ میں قائم فوجی کیمپ ہٹانے کا مطالبہ کیا۔شوپیان میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

بھارتی فورسز نے احتجاجی نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ شوپیان میں شہداء کے مزاروں پر پاکستانی پرچم لہرائے گئے۔حریت رہنمائوں محمد یوسف نقاش، یاسمین راجہ ، محمد یاسین عطائی، سید محمد شفیع، خواجہ فردوس وانی، رفیق احمد اویسی، محمد شفیع خان، رمیز راجہ ،سید امتیاز حیدر،دیوندر سنگھ بہل، عمران احمد اور شوکت احمد خان نے شوپیان میں نوجوانوں کے قتل کے خلاف آج سرینگر میں ایک احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی ۔

جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر محمد سلطان ماگرے کی قیادت میں پارٹی کا ایک وفدشہید افراد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے منگل شوپیان گیا۔وفد نے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کا قتل عام روکنے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔ کشمیری نمائندوں سردار امجد یوسف، حسن البناء، ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ ، شمیم شال اور پروفیسر شگفتہ اشرف نے آج جنیوا میں انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مائیکل فراسٹ کے ساتھ ایک ملاقات میں انہیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :