تربت یونیورسٹی میں قائم آفس آف دی ریسرچ انوویژن اینڈ کمرشلائزیشن علاقے میں اقتصادی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میںاہم کردار ادا کرسکتاہے،

یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر

منگل 6 مارچ 2018 23:16

کوئٹہ۔06مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2018ء) یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا ہے کہ تربت یونیورسٹی میں قائم آفس آف دی ریسرچ انوویژن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC)علاقے میں اقتصادی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتاہے اور اس ادارے کو مزید وسعت دینے کے لئے تربت یونیورسٹی منصوبہ بندی کررہی ہے تاکہ تربت یونیورسٹی علاقے میں غربت اوربے روزگاری کے خاتمے کے لئے اپنا کردار اداکرسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبل از انوویژن سمٹ بلوچستان 2018کے انعقاد کے سلسلے میں پری سمٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلوچستان کے دوسرے یونیورسٹیوں کے تعاون سے دو روزہ پری سمٹ اجلاس تربت یونیورسٹی میں منعقد ہواجس میںیونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابرکے علاوہ بلوچستان یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر وحید نور، بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار سے ڈاکٹر وسیم اصغرخان، بلوچستان یونیورسٹی کی صواب سے ڈاکٹر ایم ایم طارق کیانی، یوای ٹی خضدار کے منیجر آر اینڈ ڈی ڈاکٹراسلم زیب، لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر واٹراینڈ میرین سائنسزسے ڈاکٹر ظفراللہ جتک،ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ایس رحمت شاہ، انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ پروموشن (IRP)سے رحمت اللہ، پاکستان جمزاینڈجیولری ٹریننگ سنٹرکے پرنسپل بشیر آغا اور سمیڈا کے اسسٹنٹ منیجر محمد اقبال نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پری سمٹ اجلاس میں ڈین منیجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر منیر احمد گچکی، رجسٹرار تربت یونیورسٹی ڈاکٹر حنیف الرحمان، چیئرمین شعبہ اکنامکس ڈاکٹر عبدالقیوم ، چیئرمین کمپیوٹر سائنس مزار محسن اور پی ایس او ٹو وائس چانسلر چاکر حیدر بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے مزید کہا کہ تربت یونیورسٹی کے قیام سے لیکر اب تک آفس آف دی ریسرچ انوویژن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC)نے کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں انٹرپری نیورشپ چیلنج اور بزنس گالا کا انعقاد، ایچ ای سی سے ریسرچ پروجیکٹ کا حصول، تحقیقی ورکشاپس کا انعقاد اور علاقے میں اپنا کاروبار شروع کرنے کے تصور کو فروغ دینا شامل ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تربت یونیورسٹی میں قائم آفس آف دی ریسرچ انوویژن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) کے ڈائریکٹر عبدالماجد ناصر نے تربت یونیورسٹی آمد پر شرکاء کو خوش آمدید کہا او رپری سمٹ اجلاس میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ اداکیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے بلوچستان میں اقتصادی ترقی اور بزنس سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط رابطوں اور بہتر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے انوویژن سمٹ بلوچستان 2018کی کامیاب انعقاد کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کا کہنا تھا کہ تربت یونیورسٹی سی پیک کے مغربی روٹ پر واقع پہلی یونیورسٹی ہے اور اس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل گریجویٹس سی پیک پروجیکٹس میں اہم کرداد ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تربت یونیورسٹی اس سال اپریل میں دوسرا کانووکیشن کے انعقاد کی تیاری کررہی ہے۔

دو روزہ پری سمٹ اجلاس کی میزبانی کرنے پر وائس چانسلر نے آفس آف دی ریسرچ انوویژن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) کے ڈائریکٹر عبدالماجد ناصراور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔دریں اثناء پری سمٹ اجلاس کے شرکاء نے دوسرے روز گوادر میں گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی ای)کے چیئرمین دوستین جمالدینی اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی ای)کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرسجاداحمد سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ملاقات میں علاقے میں بزنس سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور انڈسٹریز کے درمیان رابطو ںکو وسعت دینے اور خاص کرکے سی پیک سے متعلق منصوبوں میں اکیڈمیا کر دار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :