آزاد کشمیر میں بارشوں اور برفباری کی وجہ سے اچانک سردی بڑھنے باعث موسمی بیماریوں; انفلوئنرا ، سوائن فلو ، نمونیہ ، زکام اور بخار کے پھوٹنے کا امکان ہے ‘سوائن فلو اہم ہے جس کا ایک کیس میرپور میں رپورٹ ہوا

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز(سی ڈی سی) ڈاکٹر محمد صابر خان عباسی کا اجلاس سے خطاب

بدھ 7 مارچ 2018 16:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مارچ2018ء) ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز(سی ڈی سی) ڈاکٹر محمد صابر خان عباسی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بارشوں اور برفباری کی وجہ سے اچانک سردی بڑھ جانے کے باعث موسمی بیماریوں; انفلوئنرا ، سوائن فلو ، نمونیہ ، زکام اور بخار کے پھوٹنے کا امکان ہے ۔ جن میں سوائن فلو اہم ہے جس کا ایک کیس میرپور میں رپورٹ ہوا اور اس کے نتیجہ میں میرپور ڈسٹرکٹ ہسپتال کی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کی موت بھی واقع ہوئی ہے ۔

سوائن فلو متذکرہ بالا بیماریوں کی طرح ایک متعدی مرض ہے ۔ جس کی علامات زکام ہی کی طرح ; بخار، کھانسی ، سردرد، پٹھوں اور جوڑوں میں درد ، گلے کا خراب ہونا اور ناک کا بہنا ہوتی ہیں۔ یہ بیماری ایک وائرس H1N1 کی وجہ سے ہوتی ہے اور مریض کے کھانسنے ، چھینکنے اور تھوکنے سے دوسرے افراد میں منتقل ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

عام طور پر اس کا دورانیہ عام زکام ہی کی طرح 03 سے 07 دن ہے اس کے بعد خود بخود ہی ٹھیک ہو جاتی ہے ۔

اس کے علاج کیلئے پیرا سیٹا مول یا پینا ڈول کی ایک گولی صبح ، دوپہر ، شام لینا ہوتی ہے ۔ کبھی کبھار یہ بیماری پیچیدہ صورتحال بھی اختیار کر لیتی ہے۔ جس کی علامات سانس میں دشواری ، سینے میں درد ، الٹی اور دست کا ہونا ہے ۔ 99.9 فیصد لوگوں میں یہ بیماری بغیر کسی پیجیدگی کے ٹھیک ہو جاتی ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سینئر سائنٹیفک آفیسر ڈاکٹر محمود حسین کیانی‘ لیاقت نقوی ‘ چوہدری محمد حسین اور دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچے ، کمزور خواتین،بڑی عمر کے لوگ اور دائمی امراض مثلاً شگر، بلندفشارخون،گردے کے مریض اور کم قوت مدافعت کے حامل افراد میں پیجیدگی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں جنہیں حفاظتی تدابیر کے ذریعہ کم و کنٹرول کیا جا سکتا ہے ۔

اس مرض کی تشخیص کیلئے مظفرآباد میں جدید ترین لیبارٹری موجود ہے جبکہ پونچھ ڈویژن اور میرپور ڈویژن کیلئے راولاکوٹ اور میرپور میں وفاقی حکومت کے تعاون سے جدید ترین لیبارٹریاں تعمیر کی جارہی ہیں ۔محکمہ کے ترجمان نے اپیل کی ہے کہ جب تک موسم خشک سرد ہے عوام الناس ان متعدی امراض سے بچنے کیلئے بذیل حفاظتی تدابیر اختیار کر کے ان بیماریوں سے اپنے آپ کو بچائیں ۔

ہاتھ صابن سے بار بار دھوئیں ۔ کھانستے یا چھینکتے وقت منہ اور ناک کو رومال یا ٹشو پیپر سے ڈھانپ لیں اور استعمال شدہ ٹشو پیپر کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگائیں۔ مرض کی صورت میں گھر میں اور عام لوگوں سے میل جول میں احتیاط کریں ۔ متاثرہ شخص سے ملتے وقت ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے گریز کریں ۔ گندے ہاتھوں سے اپنی آنکھوں ، منہ یا ناک کو نہ چھوئیں۔ پیچیدگی کی صورت میں قریبی ضلعی یا ٹیچنگ ہسپتال سے رجوع کریں۔