پاکستان پیپلزپارٹی کا پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف احتجاج کا اعلان

کارکن پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کریں ،ْ سینیٹر سلیم مانڈوی والا

بدھ 7 مارچ 2018 20:06

پاکستان پیپلزپارٹی کا پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف احتجاج کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کریں ۔بدھ کو پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ایک بیان میں کہاکہ ٹریڈ یوینینز، ورکرز، مزدور اور سول سوسائٹیز احتجاج کریں گے ،ْپی آئی اے نجکاری کے پیچھے وزیر اعظم کا ہاتھ ہے ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پی آئی اے کی بحالی نہیں چاہتے ۔

انھوںنے کہاکہ وزیر اعظم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ پی آئی اے کو بیچا جائیگا ،ْوزیر اعظم پی آئی اے کی فروخت میں ملوث ہے ۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کو پی آئی اے کی نجکاری میں ہاتھ نہیں ڈالنا چاہیے تھا ،ْوزیر اعظم قوم کو بتائیں پی آئی اے کو کسے بیچا جا رہا ہے ،شاہد خاقان عباسی ایوی ایشن انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ اگلی حکومت پر چھوڑنا چاہیے۔یہ وقت پی آئی اے کی نجکاری کا نہیں ہے ۔انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی حکومتی فیصلے کو مسترد کرتی ہے ،پی آئی اے نجکاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاج شروع کیا جا رہا ہے ،پیپلزپارٹی کے کارکن پی آئی اے کو بچانے کے لیے سڑکوں پر نکلیں۔