کشمیری خواتین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا بڑے پیمانے پر شکار ہیں،زمرودہ حبیب

جمعرات 8 مارچ 2018 18:38

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیر میںکشمیر تحریک خواتین نے ’عالمی یوم خواتین‘ کے موقع پر سری نگر میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمرودہ حبیب نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا میں خواتین کے حقوق کے لیے بڑے پیمانے پر آواز بلند کی جارہی ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں خواتین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا انتہائی شکار ہیں۔

انہوںنے کہا کہ قابض بھارتی فورسز کشمیری خواتین کی آبروریزی کے ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیںاور کن پوشپورہ اور آبروریزی کے دیگر واقعات کے مجرم بھارتی فوجی تاحال آزادانہ گھوم رہے ہیں۔ زمرودہ حبیب نے کہا کہ گزشتہ ستائیں برسوں کے دوران بھارتی فوجیوں نے آٹھ ہزار سے زائد کشمیریوں کے لاپتہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں خواتین اپنے بیٹوں، بھائیوں اور شوہروں سے محروم ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے صرف گزشتہ ایک برس کے دوران چودہ کشمیری خواتین کو گولیوں کا نشانہ بنایاجن کے اہلخانہ کو تاحال انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ ضلع کٹھوعہ میں حال ہی میں ایک پولیس افسر نے آٹھ سالہ کم سن آصفہ کو آبرو ریزی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا جسے تاحال سزا نہیں دی گئی۔ زمردہ حبیب نے مزید کہا کہ تحریک آزادی میں کشمیری خواتین کی عظیم قر با نیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :