عورت معاشرے کی تخلیق اور قوموں کے کردار سازی کی ضامن ہے،سربراہ پاکستان سنی تحریک

سرکار دولم ﷺنے سسکتی ہوئی انسانیت کو جہالت سے دور کرکے عورت کو رحمت قرار دیا ،ثروت اعجاز قادری

جمعرات 8 مارچ 2018 21:44

عورت معاشرے کی تخلیق اور قوموں کے کردار سازی کی ضامن ہے،سربراہ پاکستان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2018ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عورت معاشرے کی تخلیق اور قوموں کے کردار سازی کی ضامن ہے ،بعض عناصر اسلام کا غلط تصور پیش کرکے خواتین کے حقوق کا استحصال کررہے ہیں ، خواتین کو جو حقوق اسلام نے دیئے دنیا کے کسی مذہب نے نہیں دیئے ،دور جہالت میں لڑکی کو پیدا ہوتے ہی زنددفن کردیا جاتا تھا،سرکار دولم ﷺنے سسکتی ہوئی انسانیت کو جہالت سے دور کرکے عورت کو رحمت قرار دیا ، مرد اور عورت دونوں کو دین اسلام نے تعلیم حاصل کرنے کا درس دیا ہے ،اگر عورت کے ساتھ کہیں امتیازی سلوک برتا جارہا ہے تو اس کا قصور مذہب یا ریاست کا نہیں بلکہ معاشرے کی اقدار عدم تعلیم یعنی جہالت کا ہے ،دین اسلام نے جنت کو ماں کے قدموں میں بتا کر عورت کا مقام بلند کیا ہے ،ملک وقوموں کی ترقی وخوشحالی میں خواتین کا کردار مردوں سے کم نہیں ہے ،پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے خواتین کو آگے بڑھ کر کام کرنا ہوگا ،معاشرے کی برائیوں کے خاتمے کیلئے تعلیم کو فروغ دیکر ہی جہالت کو ختم کیا جاسکتا ہے ،ان خیالات کا اظہار عالمی یوم خواتین کے موقع پر انہوں نے مرکز اہلسنت کی لیڈیز ونگ کی رہنمائوں وکارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھاکہ خواتین تعلیم یافتہ ہونگی تو معاشرے کی خواتین کو ان کے حقوق سے آگاہی فراہم کرینگی ،پاکستان میں خواتین کے تحفظ کے لئے قانون موجود ہے مگر اس کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ معاشرے اور ملک کی ترقی کیلئے خواتین کو کلیدی کردار کرنا ہوگا ،بچیوں کی تعلیم وتربیت کو یقینی بناتے ہوئے معاشرے سے جہالت کو ختم کرنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک میں جہاں بھی اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو مظالم کا نشانہ بنارہی ہیں وہاں مسلم خواتین کی بچوں کے تحفظ اور حقوق کے حصول کیلئے جرأت وبہادری دیکھ کر غیر مسلم قوتیں پریشان حال ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادری کی تحریک میں مائوں ،بہنوں اور بچیوں نے فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا تھا ،وڈیرانہ وجاگیردارنہ نظام اسلام اور ملک کے آئین کے منافی ہے ان نظاموں نے خواتین کے حقوق کا ہر دور میں استحصال کیا ہے ،پاکستان کا آئین کواتین کو حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :