لاہور،چائینز سمیت تمام غیر ملکی ماہرین اور شہریوں کو سیکورٹی کی فراہمی سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی اولین ذمہ داری ہے،کیپٹن (ر) عارف نواز خان

تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں،انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب

جمعرات 8 مارچ 2018 23:14

لاہور،چائینز سمیت تمام غیر ملکی ماہرین اور شہریوں کو سیکورٹی کی فراہمی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ چائینز سمیت تمام غیر ملکی ماہرین اور شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی اولین ذمہ داری ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں اور سی پیک ورکنگ سائٹس پرسیکیورٹی فرائض سر انجام دینے والے اہلکاروں کو جدید ترین اسلحے ، تیز رفتار گاڑیوں، بلٹ پروف جیکٹس ، نائٹ ویژن دوربینوں سمیت تمام درکار ساز سامان کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آنے پائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو موجودہ حالات اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے بھرپور بریف کیا جائے تاکہ وہ اپنے فرائض خلوص نیت اور قومی جوش و جذبے سے سرشار ہو کر ادا کریںاور سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں افسران و اہلکاروں کی کمی کو جلد از جلد ترجیحی بنیادوں پرپورا کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ سی پیک ورکنگ سائٹس پر تعینات اہلکاروں کے معیار زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تعمیری سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور انکی تربیت کے معیار کو مزید موثر بناتے ہوئے موک ایکسر سائسز کا باقاعدگی سے انعقاد بھی یقینی بنایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر،ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ 2صاحبزادہ شہزاد سلطان، ڈی آئی جی ایس پی یو فیصل علی رانا ،اے آئی جی لا جسٹکس رائے بابر سعید، اے آئی جی فنانس غازی صلاح الدین، ایس ایس پی ایڈمن ایس پی یو وقاص حسن سمیت ایس پی یو فورس کے دیگر اعلی افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں غیر ملکی ماہرین کی سیکیورٹی پر مامورفورس سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اس کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اہم امور زیر بحث آئے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ایس پی یو فیصل علی رانا نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور ائیر پورٹ پر ایس پی یو کے سپیشل کائونٹر نے کام کا آغاز کردیا ہے جہاں آنے والے ہر غیر ملکی شہری کے ڈیٹا کے اندراج کے بعد اسے سیکیورٹی کی فراہمی کا عمل شروع ہوجاتا ہے اسی طرز پر دیگر اہم ائیر پورٹس پربھی سپیشل کائونٹرزبنانے کا عمل جاری ہے جنہیں جلد ہی نادرا کے سسٹم کے ساتھ بھی منسلک کر دیا جائے گا ۔

انہوں نے صوبے کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی پراجیکٹس پر سیکیورٹی کے حوالے سے ہونے والے اقدامات اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے آئی جی پنجاب کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے ڈی آئی جی ایس پی یو کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کی بہترین ویلفیئر کو یقینی بنانے کیلئے انکے ڈیوٹی کے اوقات کار،معیاری فوڈکی فراہمی، سپورٹس سمیت ریکریشن سرگرمیوں کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ اہلکار پوری دلجمعی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کر سکیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام کیلئے آنے والے تمام غیر ملکی ماہرین اور شہری پاکستانی قوم کے مہمان ہیں لہذا نکی سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے افسران اے کیٹیگری کی ورکنگ سائٹس کا جائزہ لینے کیلئے مہینے میں ایک بار فیلڈ وزٹ کولازمی یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :