آم کے باغات بور لگنے کے مرحلے پر ہیں، باغبان سفوفی پھپھوندی جیسی بیماری ظاہر ہوتے ہی فوراً مناسب سپرے کریں، ماہرین

جمعہ 9 مارچ 2018 19:21

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2018ء) زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ باغات و سبزیات سے منافع بخش پیداوار کے حصول کیلئے ان کی مناسب دیکھ بھال بہت ضروری ہے۔ اس وقت آم کے باغات پر بور لگنے کا مرحلہ جاری ہے جو کہ بہت اہمیت کاحامل ہے۔ آم کے باغبانوں کو مختلف مراحل پر بہتر نگہداشت بارے باقاعدگی سے رہنمائی کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

باغبان اس مرحلہ پر خصوصی توجہ مرکوز کریں اور سفوفی پھپھوندی جیسی بیماری ظاہر ہوتے ہی فوراً مناسب پھپھوندکش زہروں کا سپرے کریں۔ حالیہ موسمی حالات کے پیش نظر آم کے درختوں میں خوابیدگی جیسی بداعتدالی سے بچائو کیلئے آم کی اگیتی اور درمیانی اقسام کو سفارش کردہ نائٹروجنی کھاد بروقت ڈالیں۔ آم کے باغات میں بٹور والے پھولوں کو کاٹ کر تلف کردیں جبکہ پھول آنے پر آبپاشی کریں۔ محکمہ زراعت کسانوں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی روشناس کرانے کیلئے بھر پور رہنمائی کررہا ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کو ممکن بنایا جاسکے۔