شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں خواتین کے عالمی یوم کی مناسبت سے آگاہی واک

جمعہ 9 مارچ 2018 23:15

سکھر۔ 9مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2018ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں انسٹیٹیوٹ آف جینڈر اسٹڈیز کے زیرِ اہتمام اور ناری فائونڈیشن سکھر کے تعاون سے خواتین کے عالمی یوم کی مناسبت سے حقوقِ نسواں کی ادائیگی، اور شعور کے متعلق ایک آگاہی واک فیکلٹی آف نیچرل سائنسز سے کوجھی ہال تک کی گئی ۔ واک میں پروفیسر ڈاکٹر امداد حسین سہتو ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی رجسٹرار، پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری میڈیا کو آرڈنیٹر، تسلیم عالم ابڑو انچارج انسٹیٹیوٹ آف جینڈر اسٹڈیز، قمر النسا لاڑک، ڈاکٹر آغا نادیہ پٹھان اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

واک کے بعد ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں خطاب کرتے ہوئے تسلیم عالم ابڑو نے تمام شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق خواتین کو ان کے حقوق دیئے جائیں۔خواتین پر گھریلو تشدد کا خاتمہ یقینی بنایا جائے اور ان کو تعلیم، صحت اور ووٹ کا حق دیا جائے۔ اس موقع پر ناری فائونڈیشن سکھر کی فاطمہ نعیم منگی، انور دھاریجو، شفیق کھوسو، نیلم و دیگر نے کہا کہ خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے منظور شدہ قانون پر من و عن عمل کیا جائے اور کہا کہ خواتین عالمی یوم منانے کا مقصد خواتن کو حقوق اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو عزت اور تکریم فراہم کرنا معاشرے پر لازم ہے۔ تقریب میں خواتین کے یوم کے حوالے سے ٹیبلو بھی پیش کیا گیا۔ تقریب میں ایڈوکیٹ فرزانہ کھوسو ، سول سوسائٹی کے رہنمائوں ، طلبہ اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شریف عباسی نے لطیف سرکار کی وائی پیش کی۔