گنے کے کاشتکاروں کو استحصال سے بچانے کیلئے ان کی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 10 مارچ 2018 20:45

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ گنے کے کاشتکاروں اور کسانوں کو استحصال سے بچانے کیلئے انکی شکایات پر فوری کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ مڈل مین کے خلاف مقدمات درج کروانے کے حوالہ سے عملی اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

یہ ہدایات انہوںنے شوگر ملوں کے افسران اور کاشتکاروں کے نمائندگان کے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیاقت علی ملک ، اسسٹنٹ کمشنر زاور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ کاشتکاروں کو ان کی فصل کی ادائیگی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جار ہی ہے اور کسی قیمت پر کسانوں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے ملز انتظامیہ سے کہا کہ وہ کاشتکاروں سے گنا کی نظر ثانی شدہ ریٹ کے پابند ہیں جس پر عملدرآمد کیا جائے تاکہ قانونی کارروائی کی نوبت نہ آئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ کریشنگ سیزن کے اختتام تک مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائیگااس دوران گنے کے کاشتکاروں اور کسانوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی رکاوٹ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔