بیروزگار لوگ نااہل حکمرانوں سے بیزارہوگئے ہیں۔ دانش ملک

حکمرانوں نے عوامی مسائل کاسدباب کرنے کی بجائے انہیں مزید پیچیدہ بنادیا

ہفتہ 10 مارچ 2018 21:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مارچ2018ء) پاکستان اوورسیز کی ممتاز سماجی ،کاروباری شخصیت اور بینکار دانش ملک نے کہا ہے کہ بیروزگار لوگ نااہل حکمرانوں سے بیزارہوگئے ہیں۔حکمرانوں نے عوام کودرپیش مسائل کاسدباب کرنے کی بجائے انہیں مزید پیچیدہ بنادیا۔جہاں شہریوں کوباعزت روزگار نہیں ملتاوہاں لوگ تاریک راہوں پرچل پڑتے ہیں۔

جہاں ریاست شہریوں کے بنیادی حقوق اورضروریات کا خیال نہیں رکھتی وہاں طرح طرح کے بحران پیدا ہوتے ہیں۔ریاست شہریوں کوخودکفیل بنائے ،شہریوں کے نجی کاروبار سے قومی معیشت کواستحکام ملے گا۔وہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ دانش ملک نے مزید کہا کہ حکومت کی ناقص داخلی ،خارجی، معاشی اورسفارتی ترجیحات نے پاکستان کوبحرانستا ن بنادیا ۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ اوروزارت خزانہ کی کارکردگی ایک بڑاسوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پرشدیدظلم ہورہے ہیں مگرالٹااسے ملزم سمجھاجارہا ہے جبکہ حکمرانوں کے نزدیک یہ بات کوئی اہمیت نہیں رکھتی ۔چین کے سواپاکستان کی سرحدیں ہرطرف سے غیرمحفوظ ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے چنگل سے فوری طورپر نکلنا اوربرابری کی بنیادپرنئے دوست بناناپاکستان کی بقاء کیلئے مفیدرہے گا۔پاکستان،افغانستان،ایران اوربنگلہ دیش کے درمیان بدگمانی اسلام اوران اسلامی ملکوں کے مفادمیں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں طاقت کاتوازن بحال کرنے کیلئے روس کوسہارادیا جائے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ اورنریندرمودی کے ساتھ دوٹوک بات کرنے کاوقت آگیا ۔پاکستان کاوقاربحال جبکہ قومی بحران ختم کرنے کیلئے زمینی حقائق سے مطابقت رکھنے والی دوررس پالیسیاں بناناہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اورنااہلی سے زیادہ بدنیتی اوربدانتظامی پاکستان کی سا لمیت اورقومی مفادات کیلئے زہرقاتل ہے۔

جس دن حکمرانوں کی نیت درست ہوگی اس دن ہمارا ملک سنبھل اورسنور جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگرحکمران طبقہ پیسے کو ملک وقوم کی امانت سمجھتاتویہ وقت نہ دیکھنا پڑتا، قومی وسائل کا ضیاع کرپشن سے بڑی کرپشن ہے۔ہمارامقروض ملک غیرضروری تعمیراتی منصوبوں کامتحمل نہیں ہوسکتا،عوام کامعیارزندگی بلندکرنے کیلئے تعلیمی اور طبی مراکز سمیت شہریوں کی ویلفیئر سے متعلقہ قومی اداروں کواپ گریڈ کیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوام کی ایک بڑی تعداد اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ بنیادی ضروریات زندگی سے بھی محروم ہے،اگرحکومت پاس کوئی معقول وضاحت ہے توپیش ورنہ اس صورتحال کافوری سدباب کرے۔