شہرکتاب میں کیفے اور ریڈنگ روم کا قیام شہریوں کے لئے تحفہ ہے، کراچی میں بھی شہرکتاب قائم کیاجارہاہے۔عرفان صدیقی

خواہش ہے کہ کریہ کریہ نگر نگر شہر کتاب آباد ہوں، والدین لیپ ٹاپ ،کھلونوں کے ساتھ کتاب سے بچوں کا رشتہ مضبوط بنانے میں کردار اداکریں مایوسی کی بات نہیں، لوگ کتابیں خریدتے اور پڑھتے ہیں، اسلام آباد کے بعد سب سے زیادہ کتب کی سیل پشاور میں ہے کتاب کے بغیر معاشرہ جمود کا شکار ہوجاتا ہے۔ رومینہ خورشید عالم ، ادبی بیٹھک کی فراہمی کتاب دوستوں کے لئے خوبصورت تحفہ ہے۔ ذوالفقار چیمہ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کا رومینہ خورشید عالم،ذوالفقار احمد چیمہ، ڈاکٹر جمال ناصر کے ہمراہ شہرکتاب میں کیفے ،ریڈنگ روم کا افتتاح

ہفتہ 10 مارچ 2018 22:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کتاب دوستی کا کلچر عام کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں۔ اسلام آباد کے بعد کراچی میں بھی شہرکتاب قائم کیاجارہاہے۔ والدین لیپ ٹاپ اورکھلونوں کے ساتھ کتاب سے بچوں کا رشتہ مضبوط بنانے کے لئے کردار اداکریں۔

کتاب دوستی کا کلچر عام کرنے کے لئے انفرادی اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل بک فائونڈیشن (این بی ایف) کے زیراہتمام ایف سیون مرکز اسلام آبادمیں قائم شہر کتاب میں دو نئی سہولتوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ شہرکتاب میں ’ریڈنگ روم‘ اور ’کیفے‘ کا قیام دارالحکومت کے شہریوں کے لئے ایک اور تحفہ ہے۔

(جاری ہے)

مارچ2016 کو قائم ہونے والے شہر کتاب میں اسلام آباد کے شہریوں نے دلچسپی کا اظہار کیا۔یہ ان کی کتاب دوستی کا ثبوت ہے۔ شہر کتاب میں30سٹالز قائم ہیں جہاں سے مقامی شہریوں خاص طورپر طلبا وطالبات کو ہر قسم کی کتب اور درسی سامان مناسب قیمتوں پر دستیاب ہے۔ اب کیفے اور ادبی بیٹھک کی فراہمی سے شہر کتاب کی رونق مزید بڑھے گی اور پاک ٹی ہا?س کی یاد تازہ کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ اچھا پیغام یہ ہے کہ کتابیں نہ صرف شائع ہورہی ہیں، فروخت ہورہی ہیں بلکہ پڑھی بھی جارہی ہیں۔ لاہور میں نیشنل بٴْک فائونڈیشن کے ایک چھوٹے سے شوروم سے گزشتہ سال دو کروڑستر لاکھ روپے کی کتب فروخت ہوئیں۔ اسلام آباد میں این بی ایف کے کتب کے مرکزی شوروم سے سالانہ پانچ سے چھ کروڑ روپے سالانہ کتب فروخت ہورہی ہیں۔ اس کے بعد سب سے زیادہ کتب پشاور میں این بی ایف کے سیل پوائنٹ سے تین کروڑ پچاس لاکھ روپے کی فروخت ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ خوشی کی بات یہ ہے کہ لوگ کتب میں دلچسپی لے رہے ہیں جو زندہ معاشروں کی علامت ہے۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ کتاب زندگی کی علامت ہے۔ کتاب سے دوری معاشرے کو آلودہ کرتی ہے۔ عدم برداشت اور رویوں کی کرختگی جنم لیتی ہے۔ ہم کوشش کررہے ہیں کہ معاشرے میں کتاب دوستی کے ذریعے علم کی سنجیدگی، لفظ کی خوشبو کو پھیلائیں۔ ہماری تہذیب، معاشرہ اورنظریاتی پس منظر کتاب سے جٴْڑا ہے۔

ہم ملک بھر میں کتاب دوستی کے لئے بھرپور اقدامات جاری رکھیں گے۔ اسی جذبے کے تحت کراچی میں بھی شہر کتاب کے قیام کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔ خواہش ہے کہ کریہ کریہ نگر نگر شہر کتاب آباد ہوں۔موسیماتی تغیر کی وزارت کی پارلیمانی سیکریٹری رومینہ خورشید عالم نے مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی، ان کی وزارت اور این بی ایف کی کتاب دوستی اور علمی وادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ کتاب کے بغیر معاشرہ جمود کا شکار ہوجاتا ہے۔

نوجوان نسل کو جمود سے بچانے کے لئے کتاب کا کلچر عام کرنا ناگزیر ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ذوالفقار احمد چیمہ نے شہرکتاب اور اس میں دو نئی مزید سہولیات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہاکہ ادبی بیٹھک اسلام آباد کے شہریوں اور کتاب دوستوں کے لئے ایک تحفہ ہے۔ معاشرے میں توازن برقرار رکھنے کے لئے کتاب سے ناطہ ضروری ہے۔ این بی ایف کے ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے کہاکہ شہرکتاب کی کیفے میں رعایتی قیمت پر معیاری کھانا فراہم کریں گے۔

مطالعہ کے کمرے کی فراہمی اور کیفے کا مقصد اس شہر سے لوگوں کے تعلق کو مزید بڑھانا ہے۔ امید ہے کہ اس سے شہر کتاب کی رونقیں مزید بڑھیں گی۔ قبل ازیں مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے کیفے اور ریڈنگ روم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ذوالفقار چیمہ، نامور دانشور، ادیب، ممتاز سماجی کارکن ڈاکٹر جمال ناصر اور بٴْک ایمبیسڈرز بھی موجود تھے۔