دوسرا ٹیسٹ، جنوبی افریقہ نے کینگروز کے خلاف پہلی اننگز میں 7 وکٹوں پر 263 رنز بنا کر 20 رنز کی برتری حاصل کر لی، آملہ اور ایلگر کی نصف سنچریاں، ڈی ویلیئرز حریف بائولرز کے سامنے چٹان بن گئے، 74 رنز بنا کر ناقابل شکست، مچل مارش اور کمنز کی 2، 2 وکٹیں

ہفتہ 10 مارچ 2018 22:12

دوسرا ٹیسٹ، جنوبی افریقہ نے کینگروز کے خلاف پہلی اننگز میں 7 وکٹوں پر ..
پورٹ الزبتھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں پر 263 رنز بنا کر مجموعی طور پر 20 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، ڈین ایلگر اور ہاشم آملہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 88 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا تاہم یکے بعد دیگرے دونوں بلے بازوں کے آئوٹ ہونے کے بعد میزبان ٹیم دبائو کا شکار ہو گئی لیکن اس موقع پر ڈی ویلیئرز نے روایتی انداز اپنایا، وہ کینگروز بائولرز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹ گئے، انہوں نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نہ صرف کینگروز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کیا بلکہ ٹیم کو 20 رنز کی برتری بھی دلا دی، ایلگر 57 اور آملہ 56 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بلے باز رہے، پیٹ کمنز اور مچل مارش نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقن ٹیم نے 39 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ایلگر 11 اور ربادا 17 رنز پر کھیل رہے تھے، 67 کے سکور پر ربادا 29 رنز بنانے کے بعد کمنز کی گیند پر بولڈ ہو گئے، اس موقع پر آملہ نے ایلگر کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ میں 88 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 155 تک پہنچا دیا، یہ پارٹنرشپ کینگروز کیلئے خطرہ بن گئی تھی کہ یہاں پر سٹارک نے آملہ کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑ ڈالی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، آملہ نے 56 رنز بنائے، اگلے اوور میں ہیزلووڈ نے ایلگر کی اننگز کا بھی خاتمہ کر دیا، انہوں نے 57 رنز بنائے، 179 کے سکور پر پروٹیز کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب کپتان ڈوپلیسی 9 رنز بنا کر مارش کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، تھیونس ڈی برائون ایک رن بنا کر چلتے بنے، 227 کے سکور پر ڈی کوک 9 رنز بنا کر نیتھن لیون کی گیند پر بولڈ ہو گئے، اس موقع پر فلینڈر نے ویلیئرز کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کر کے نہ صرف کینگروز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کیا بلکہ ٹیم کو برتری بھی دلائی، اسطرح پروٹیز نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک 7 وکٹوں پر 263 رنز بنا کر مجموعی طور پر 20 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، ویلیئرز 74 اور فلینڈر 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پیٹ کمنز اور مچل مارش نے دو، دو جبکہ ہیزلووڈ، سٹارک اور لیون نے ایک، ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :