خضدار کی سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کی خضدار میں حلقہ بندیوں کو درست قرار دیدیا

ہفتہ 10 مارچ 2018 22:22

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2018ء) خضدار کی سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کی خضدار میں حلقہ بندیوں کو درست قرار دیدیا ، ہر محاذ پر حالیہ حلقہ بندیوں کا دفاع کیا جائیگا ،حلقہ بندیوں کو چھیڑنے کی کوشش کی گئی تو ا س کی بھر پور مخالفت کی جائیگی ، ماضی میں حلقہ بندیاں خواہش اور مرضی و منشاء کے مطابق بنائی گئی تھی جس کی وجہ سے یکطرفہ فیصلے ہوا کرتے تھے اور عوام کا کافی حدتک استحصال ہوتا رہا،۔

ان خیالات کا اظہار بی این پی (مینگل ) کے نائب صدر حیدرز مان بلوچ ،پیپلزپارٹی ضلع خضدار کے صدر خالد محمود ایڈوکیٹ ، بی این پی (عوامی) خضدار کے آرگنائزر ڈاکٹر حضوربخش زہری ، جماعت اسلامی خضدار کے امیر مولانا محمد اسلم گزگی ، جمعیت علمائے پاکستان ضلع خضدار کے صدر مولانا محمد قاسم قلندرانی ، خضدار اتحاد کے چیئرمین میر اورنگزیب زہری ، جے یوآئی نظریاتی کے مولانا عبدالغفور کرخی ، پاکستان تحریک انصاف خضدار کے سٹی جنرل سیکریٹری صدام حسین و دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی پی پی خضدار کے جنرل سیکریٹری ماما عبدالرحیم خدرانی ، بی این پی (مینگل ) کے جنرل سیکریٹری عبدالنبی بلوچ ، سید سمیع شاہ ، پی پی پی کے صوبائی لیبر بیورو کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد اسماعیل زہری سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ مقررین نے کہاکہ خضدار کا استحصال کافی ہواہے ، ماضی کے نمائندوں نے خضدار کو کافی حد تک نظر انداز کرتے رہے ہیں ۔

اب جب الیکشن کمیشن نے خضدار میں حلقہ بندیاں کی ہیں تو ہم اس کو درست مانتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ یہ عوامی ترجمانی ہے اور ہماری امنگوں کے مطابق حلقہ بندیا کی گئی ہیں ۔ اب ایک سیاسی جماعت ان حلقہ بندیوں پر اعتراض اٹھارہی ہے تو اس کو کوئی بھی حق نہیں پہنچتا ہے کہ وہ عوام کے مرضی و منشاء کو اپنی مرضی بنائیں ۔ آج ہم نے نال میں ان حلقوں کے عوام سے معلومات لی ہیں کہ جو پی بی 41میں شامل کیئے گئے ہیں اور وہ بالکل خوش ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ ہماری میٹنگ ہوئی جس میں اکثریتی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔اور سب نے فیصلہ کیا کہ جو حلقہ بندیاں ہوئی ہیں اس میں الیکشن کمیشن کے ساتھ ہم کھڑی ہیں ان حلقہ بندیوں کا احترام کرتے ہیں ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ان حلقہ بندیوں کی وجہ سے منصفانہ انداز میں عوام کو ان کا حق ملے گا ۔برابری کی بنیاد پرپٹوار کو تقسیم کرکے اوسط نکالی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :