چیئرمین سینٹ دوڑ میں سینیٹر محمد صادق سنجرانی سب سے آگے

اپوزیشن جماعتوں کی طویل مشاورت کے بعد آصف زرداری ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پر اپنا پارٹی امیدوار لانے پر رضامند ہو گئے ،ذرائع

ہفتہ 10 مارچ 2018 22:38

چیئرمین سینٹ دوڑ میں سینیٹر محمد صادق سنجرانی سب سے آگے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مارچ2018ء) بلوچستان سے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے سینیٹر محمد صادق سنجرانی اس وقت چیئرمین سینٹ کے عہدے کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی طویل مشاورت کے بعد پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پر اپنا پارٹی امیدوار لانے پر رضامند ہو گئے ہیں۔

باخبر ذرائع کے مطابق گزشتہ روز چیئرمین سینٹ کے عہدے کے لئے نام فائنل کرنے میں کئی نشیب و فراز آئے ۔ کچھ اپوزیشن جماعتوں کی رائے تھی کہ میاں رضا ربانی کو ہی ایک بار پھر چیئرمین سینٹ کے عہدے کے لئے امیدوار نامزد کیا جائے لیکن آصف علی زرداری کو اس نام سے اتفاق نہیں تھا۔ ان کا اصرار تھا کہ سلیم مانڈوی والا کو چیئرمین سینٹ کے عہدے کے لئے فائنل کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس دوران بلوچستان کے آزاد سینیٹروں اور پی ٹی آئی کی قیادت کا دباؤ تھا کہ چیئرمین سینٹ کا عہدہ اس بار بلوچستان کو دیا جائے جس کے لئے وہ بلوچستان سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے سینیٹر صادق سنجرانی کو مناسب امیدوار سمجھتے تھے چنانچہ رات گئے تک اس حوالے سے جوڑ توڑ جاری رہا اور بالآخر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ کے عہدے کے لئے موزوں ترین امیدوار تسلیم کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لئے پیپلزپارٹی سلیم مانڈوی والا ، شیری رحمان ، ہدایت اللہ یا مصطفے نواز کھوکھر میں سے کسی ایک کا نام پیش کرے گی ۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے وزیراعلٰی عبدالقدوس بزنجو اپنے صوبے کے لئے چیئرمین سینٹ کا عہدہ حاصل کرنے کی مہم پر نکلے ہوئے تھے اور انہیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا بھرپور اعتماد بھی حاصل تھا جبکہ آصف علی زرداری پہلے ہی سے عبدالقدوس بزنجو کے لئے دعاگو تھے۔

ایک موقع پر جب پیپلزپارٹی نے بلوچستان کے آزاد سینیٹروں کو ساتھ ملا کر اپنا چیئرمین سینٹ منتخب کروانے کی کوشش کی تو پی ٹی آئی اس کے خلاف ڈٹ گئی اس دوران پی ٹی آئی چند قدم پیچھے ہٹی تو متحدہ اپوزیشن چیئرمین سینیٹ کا عہدہ بلوچستان کی جھولی میں ڈالنے پر رضامند ہو گئی۔۔