کوئٹہ،ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن اور پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کا بلوچستان کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈی میں ہڑتال کرنے کا اعلان

اتوار 11 مارچ 2018 20:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مارچ2018ء) ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن اور پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن نے آج سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈی میں ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو وزیراعلیٰ ہائوس کی طرف لانگ مارچ کریں گے اور دھرنا دیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر ڈاکٹر یاسر خوستی پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر فضل الرحمان کاکڑ ‘ میڈیکل ایسوسی ایشن کے نائب صدر ڈاکٹر خالد ہمایوں اورجمال شاہ کاکڑ نے سول ہسپتال کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج شروع کیا اور پرامن طورپر احتجاج کا عمل جاری ہے انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ڈاکٹروں کی ماہانہ وضائف اضافہ کیا گیا اوربلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے غریب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے سرکاری ہسپتالوں کی لیبارٹریز میں جدید مشینری فوری طورپر مہیا کی جائے ایکسرے کے لئے ایکسرے فلم ہنگامی بنیادوں پر فراہم کی جائے بلوچستان میں کارڈک انسٹی ٹیوٹ کے لئے فوری طورپر فنڈز فراہم کئے جائیں اورصوبہ میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈکیالوجی کو جلد فراہم کیا جائے انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں جس طرح وزیر صحت اورمحکمہ صحت کے لوگ بھتے وصول کررہے ہیں اس کی ہم کسی بھی صورت اجازت نہیں دیں گے ہم نے 6 مارچ کو دھرنے کا اعلان کیا تھا پھر وزیر داخلہ اور انتظامیہ کی یقین دہانی پر دھرنے کو ہسپتال تک محدود رکھا اور 8 مارچ تک مطالبات تسلیم ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی مگر اس کے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا ہم مجبوری کے عالم میں سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوگئے اور تمام سرکاری ہسپتالوں میں آج سے او پی ڈیز میں ڈاکٹر خدمات سرانجام نہیں دیں گے اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو وزیراعلیٰ ہائوس کی طرف لانگ مارچ کریں گے اور دھرنا دیا جائے جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوتے دھرنا جاری رہے گا ۔