فیصل آباد:پرائیویٹ سکولوں نے طلبہ کے نئے داخلوں کیلئے تشہیری مہم شروع کر دی، والدین بھاری فیسوں کی وجہ سے پریشان

پیر 12 مارچ 2018 16:03

فیصل آباد۔12 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2018ء)یکم اپریل سے نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل پنجاب بھر کے پرائیویٹ سکولوں کی انتظامیہ نے طلباء و طالبات کے نئے داخلوں کیلئے وسیع پیمانے پر تشہیری مہم شروع کر دی ہے اور بعض تعلیمی اداروں نے فلییکسز کی تنصیب کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے نیزاپنی تشہیری مہم میں بچوں کے زیادہ سے زیادہ داخلے کیلئے والدین کو پرکشش طریقہ سے آمادہ کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف پرائیویٹ سکولوں کی انتظامیہ نے طلباء و طالبات کی ماہانہ فیسوں میں بے پناہ اضافہ بھی کر دیاہے جس کے باعث والدین جو پہلے ہی اپنے بچوں کی بھاری فیسیں ادا کر رہے ہیں سخت پریشان ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بعض پرائیو یٹ سکولوں کی انتظامیہ نے مختلف کلاسوں سے پاس ہو کر دوسری کلاسوں میں پہنچنے والے طلباء و طالبات کی فیسوں میں اضافہ کر کے والدین کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں کو لوٹنا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ان پرائیویٹ سکولوں میں فراہم کی جانیوالی سٹیشنری جن میں کتابیں ،کاپیاں اور رجسٹر شامل ہیں، بازار کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ قیمتوں پر بچوں کو زبردستی فراہم کی جاتی ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پرائیویٹ سکو لوں کی فیسیں خود مقررکرے تاکہ عوام پرائیویٹ سکولوں کی لوٹ مار سے بچ سکیں۔