سعودی عرب ، گزشتہ سال میں 1.2 ملین ایگزٹ ویزے جاری کیے گئے

Sadia Abbas سعدیہ عباس منگل 13 مارچ 2018 14:44

سعودی عرب ، گزشتہ سال میں 1.2 ملین ایگزٹ ویزے جاری کیے گئے
جدہ  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مارچ2018ء)  سعودی محکمہ ا میگریشن اینڈ پاسپورٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس جوازات کے ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے 23 ملین کارروائیاں کی گئی۔ المدینہ اخبار کے مطابق سب سے زیادہ غیر ملکی کارکنوں کا فائنل ایگزٹ ( خروج نہائی ) لگایا گیا جن کی تعداد 11 لاکھ 86 ہزار 449 رہی ۔ جوازات کے ڈیجیٹل سسٹم " ابشر " اور " مقیم " کے تحت تمام کارروائیاں کی گئیں۔

ابشر سسٹم جو افراد کےلئے مخصوص ہے کے ذریعے خروج نہائی ویزے جاری کرنے کی تعداد 5 لاکھ 40 ہزار 820 رہی جبکہ اداروں کےلئے مخصوص " مقیم سسٹم" کے تحت 6لاکھ 45 ہزار 629 افراد کے فائنل ایگزٹ ویزے جاری کئے گئے۔ ترجمان جوازات کی جانب سے جاری رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 52ہزار 952 خروج نہائی کینسل کرائے گئے ۔

(جاری ہے)

جاری کئے جانے والے ایگزٹ ری انٹری ویزوں کی تعداد2 7لاکھ 31ہزار 572 رہی جن میں سے مقیم سسٹم کے ذریعے 30 لاکھ 50 ہزار 156 خروج وعودہ ویزے جاری کئے گئے جبکہ ابشر سسٹم کے تحت41لاکھ 81 ہزار 416 ایگزٹ ری انٹری ویزے جاری ہوئے ۔

ایک لاکھ 26 ہزار 914 ویزے کینسل کروائے گئے ۔ اعداد و شمار کے مطابق دیگر کارروائیاں جن میں 77لاکھ 14 ہزار 411 اقاموں کی تجدید کی گئی ۔گزشتہ سال ہجری کے دوران ڈیجیٹل سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے ایک لاکھ 28 ہزار 541 افراد کے پیشے تبدیل کئے گئے ۔ تنازل ( کفالت کی تبدیلی ) 5 لاکھ 28 ہزار 757 کے کیس ڈیجیٹل انداز میںکئے گئے۔ اقاموں کی چھپائی اور انہیں سعودی ڈاک کے ذریعے منتقلی کی تعداد 9 لاکھ 73 ہزار 360 رہی۔

10 لاکھ 27ہزار 530 نئے اقامے جاری کئے گئے جن میں سے مقیم سسٹم کے ذریعے 6لاکھ 24 ہزار 327اور ابشر کے ذریعے 4 لاکھ 32 ہزار3 اقاموں کا اجراءکیا گیا ۔ جوازات کے خودکار سسٹم کی سہولت اٹھاتے ہوئے 38 ہز ار 679 غیر ملکی کارکنوں کے فرار کی رپورٹ درج کروائی گئی ۔11 لاکھ 39ہزار 479 ورک وزٹ ویزوں کی میعاد میں توسیع کی گئی جبکہ 17 ہزار 447 فیملی ویزوں کی میعاد ابشر سسٹم کے ذریعے بڑھائی گئی ۔

واضح رہے محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی جانب سے جب سے ڈیجیٹل سروس شروع کی گئی ہے معاملات کافی آسان ہو گئے ہیں ۔ غیر ملکی کارکنوں کے اہل خانہ کی سرکاری دستاویزات کی تجدید اور فائنل ایگزٹ کےلئے ابشر سسٹم کی سہولت مہیا کی گئی ہے جبکہ کارکنوں کے اقاموں کی تجدید سمیت دیگر معاملات کو نمٹانے کےلئے نجی اداروں کو فراہم کی جانے والی خدمت کا نام " مقیم "ہے ۔

ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے فائنل ایگزٹ ویزہ لینا بہت آسان ہو گیا ہے اب کوئی بھی غیر ملکی کارکن اپنے اہل خانہ کے معاملات گھر بیٹھے کسی بھی وقت مکمل کر سکتا ہے ۔ حال ہی میں ڈائریکٹر جنرل جوازات نے مزید سہولتوں کااعلان کیا تھا جن میں پرانے پاسپورٹ کی تجدید کے بعد نئے پاسپور ٹ کو جوازات کے سسٹم میں درج کروانے کےلئے اب جوازات کے دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی گھر بیٹھے ہی ابشر یا مقیم سسٹم سے نئے پاسپورٹ کا نمبر اور اسکی تاریخ انتھا ءجوازات کے سسٹم میں فیڈ کی جاسکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :