دانیال عزیز پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 13 مارچ 2018 14:58

دانیال عزیز پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 13 مارچ۔2018ء) سپریم کورٹ نے وفاقی وزیردانیال عزیز پر توہین عدالت کی فرد جرم عائدکر دی ،دانیال عزیز نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔جسٹس مشیر عالم نے دانیال عزیز کے وکیل کو فرد جرم کی چارج شیٹ پڑھ کر سنائی تو انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ آپ نے 2017 میں انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کی جس میں آپ نے الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ کے نگراں ججز نے ریفرنس تیار کروائے۔فرد جرم میں کہا گیا کہ آپ نے جسٹس اعجاز الاحسن کے لئے کہا کہ ان کے خلاف مواد اکٹھا کیا ہے اور ایک انٹرویو کے دوران آپ نے کہا کہ جہانگیر ترین کو قربان کر کے عمران خان کو اور تحریک انصاف کو بچانا مقصد ہے۔

(جاری ہے)

فرد جرم میں مزید کہا کہ آپ کے خلاف توہین عدالت کے سیکشن تین کے تحت کارروائی کی جاتی ہے، کیا آپ الزامات مانتے ہیں ؟واضح رہے توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے آج کی تاریخ مقرر کی تھی۔دانیال عزیز نے اپنی درخواست میں کہا کہ درخواست گزار پاکستان کے آئین کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے اور کبھی ریاستی اداروں کی توہین و تضحیک کا سوچ بھی نہیں سکتا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ٹی وی ٹاک شوز کے دوران دانیال عزیز کے عدلیہ مخالف بیانات پر 2 فروری کو توہین عدالت کا ازخودنوٹس لیتے ہوئے بنچ تشکیل دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :