بیرسٹر سلطان نے پی ٹی آئی کشمیر کی ڈویژنل، ضلعی، میونسپل کمیٹی اور لوکل کونسل کی تمام تنظیمیںتحلیل کر دیں

کارکن رکنیت سازی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور دوماہ کے اندرتنظیم مکمل کی جائیگی، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

منگل 13 مارچ 2018 18:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء)آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پی ٹی آئی کشمیر کی ڈویژنل، ضلعی، میونسپل کمیٹی اور لوکل کونسل کی تمام تنظیمیںتحلیل کر دی ہیں اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رکنیت سازی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور دوماہ کے اندرتنظیم مکمل کی جائے گی۔

اسی طرح پی ٹی آئی کشمیر کے تمام مشاورتی اور تنظیمی بورڈز بھی توڑ دئیے گئے ہیں۔اس سے قبل پی ٹی آئی کشمیر کی خواتین ونگ، یوتھ اور آئی ایس ایف بھی توڑ دی گئی تھیں۔یہ تنظیمیں تین سال قبل بنائی گئی تھیں الیکشن کی وجہ سے اگرچہ جلدی میں بنائی گئی تھیں تاہم اکثر عہدیداروں نے بہتر کام کیا اور بعض لوگوں کے غیر متحرک رہنے کی وجہ سے دوبارہ تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ویسے بھی تین سال کے بعد نئی تنظیم سازی ہو نی چاہیے۔کارکنوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں جلد از جلد رکنیت سازی کا مرحلہ مکمل کریں اور جنہوں نے رکنیت فارم حاصل نہیں کیے وہ سیریل وائس یہ فارم پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹریٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر جس نہج پر پہنچ چکا ہے اور سیئز فائر لائن متاثرین جس طرح دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

اس وجہ سے پی ٹی آئی کشمیر کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔بیرسٹر سلطان محمو د چوہدری نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں کرپشن کے خاتمے اور میرٹ کی پامالیوں پر اپنی آواز بلند کرتے رہے گے۔اس طرح پی ٹی آئی کشمیر اب آزاد کشمیر کے عوام کی ایک نمائندہ جماعت بن چکی ہے۔کارکن اب رکنیت سازی کاکام مکمل کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔