بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کوہراساں کرنے کا سلسلہ بدستور جاری

پاکستانی سفارتکارکی گاڑی کوروک کربچوں سمیت ہراساں کیا گیا،نامعلوم افراد نےتصاویر بھی بنائیں،بھارتی حکومت ایجنسیوں کوکنٹرول کرنے میں ناکام،پاکستان نےمعاملہ بھارتی وزارت خارجہ کے سامنےرکھ دیا۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 13 مارچ 2018 17:28

بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کوہراساں کرنے کا سلسلہ بدستور جاری
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 مارچ 2018ء) : بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کوہراساں کرنے کاسلسلہ بدستور جاری ہے،جبکہ بھارتی حکومت ایجنسیوں کےسینئرحکام کوکنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے،پاکستانی ہائی کمیشن نے معاملہ بھارتی وزارت خارجہ کے سامنے اٹھا دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں مرکزی شاہراہ پرپاکستانی سفارتکار کوہراساں کرنے کیلئے ان کی گاڑی کے سامنے دوسری گاڑی لگا دی گئی۔

سفارتکار کی گاڑی میں بچے بھی سوار تھے۔ گاڑی سے اترنے والے شخص نے سفارتکار کی تصاویربھی بنائیں۔پاکستانی سفارتکار کی گاڑی کوایک کار نے روکا۔ واضح رہے گزشتہ5 روز میں نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران، سفارتی اہلکاروں کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے، پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کو احتجاجی مراسلہ بھیج دیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران کوہراساں کرنے پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارتی اہلکاروں اورعملےکی گاڑیوں کوروک کرگالیاں دینا معمول بن گیا ہے۔جبکہ سفارتی عملے کی گاڑیوں پراسکریچ ڈالنا اورگاڑیوں سے اتارنےکے واقعات بھی پیش آرہے ہیں۔ پاکستانی سفارتکاروں کی2 گاڑیوں کےایکسیڈنٹ بھی کروائے گئے ہیں۔ بھارتی رویے کے باعث پاکستانی سفارتی اہلکاروں اور عملے کا بھارت میں مقیم رہنا مشکل ہوگیا ہے۔ چانکیہ پوری میں پاکستان کے سینئرافسرکی گاڑی کوروک کرہراساں کیا گیا۔