رہا ئشی علاقے میں سی آئی اے پولیس سنٹر کی تعمیر کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

منگل 13 مارچ 2018 19:34

رہا ئشی علاقے میں سی آئی اے پولیس سنٹر کی تعمیر کیخلاف لاہور ہائیکورٹ ..
لاہور۔13 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) لاہور ہائیکورٹ میں رہا ئشی علاقے میں سی آئی اے پولیس سنٹر کی تعمیر کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی،یہ درخواست پرانی انارکلی کے رہائشیوں نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کے توسط سے دائر کی ہے،درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے ربانی روڈ پر سی آئی اے سنٹر کو غیر قانونی طور پرتعمیر کیاجا رہا ہے،سی آئی اے پولیس سنٹر کی تعمیر سے مقامی رہائشیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں،رہائشی علاقوں میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر پہلے بھی دہشتگردی کے حملے ہو چکے ہیں،سی آئی اے سنٹر پر حملہ ہوا تو ملحقہ علاقوں کے رہائشی متاثر ہونگے ،علاقے میں آئی جی پولیس پنجاب آفس کی وجہ سے پہلے ہی رہائشی مشکلات کا شکار ہیں،آئی جی آفس کے اردگرد رکاوٹوں کے باعث اور سکیورٹی خدشات کی وجہ سے شہری پہلے ہی خوفزدہ رہتے ہیں،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت شہریوں کے جان و مال اور بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سی آئی اے سنٹر کی تعمیر روکنے کے احکامات صادر کرے۔