بھارتی جاسوس کلبھوشن سے متعلق معلومات پاکستان کو فراہم کردیں، ایرانی وزیرخارجہ

مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آئندہ بھی سہولت کاری کے لئے تیار ہیں،انٹرویو

منگل 13 مارچ 2018 20:08

بھارتی جاسوس کلبھوشن سے متعلق معلومات پاکستان کو فراہم کردیں، ایرانی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2018ء) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہاہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو سے متعلق جتنی بھی معلومات تھیں وہ پاکستان کو فراہم کردی ہیں، ایران سی پیک منصوبے کا خیرمقدم کرتا ہے اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں ایران چین کو بھی شامل کرنے کے لئے تیار ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آئندہ بھی سہولت کاری کے لئے تیار ہیں۔

ایک نجی ٹی وی کودیئے گئے انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ گزشتہ روز 2 خود کش حملہ آوروں نے ایران میں داخلے کی کوشش کی جسے پاکستان کی مدد سے ناکام بنادیا گیا۔جواد ظریف نے کہا کہ کسی کو بھی ایران کی سرزمین پاکستان کے خلاف ہر گز استعمال کرنے نہیں دیں گے جبکہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق تمام معلومات پاکستان کو فراہم کردیں۔

(جاری ہے)

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے سے پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعلقات بہت بہتر ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ایران سعودی عرب تعلقات میں پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے جواد ظریف نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایران اور سعودی عرب میں ثالثی کا آغاز کیا اور جب وہ ایران آئے تو ان کی کوششوں کا خیرمقدم کیا گیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے دعوی کیا کہ نواز شریف جب سعودی عرب گئے اور انہوں نے ثالثی کی بات کی تو اس کا وہاں خیرمقدم نہیں ہوا۔جواد ظریف نے کہا کہ ایران سی پیک منصوبے کا خیرمقدم کرتا ہے اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں ایران چین کو بھی شامل کرنے کے لئے تیار ہے۔ایک سوال پر جواد ظریف کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آئندہ بھی سہولت کاری کے لئے تیار ہیں

متعلقہ عنوان :