الیکشن کمیشن نے قومی ‘ صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی ابتدائی حلقہ بندیاں اور رپورٹ ویب سائٹ پر شائع کردی

عوام الناس سے تین اپریل تک اعتراضات طلب ،کورئیر سروس، فیکس یا ای میل کے ذریعے اعتراضات درخواست زیر غور، وصول نہیں کی جائیگی قومی ،صوبائی اسمبلیوں کے ابتدائی حلقوں سے متعلق اعتراضات جمع کرانے ،عوام کی سہولت کیلئے اسلام آباد میں سہولت مرکز قائم کر دیا گیا

منگل 13 مارچ 2018 20:38

الیکشن کمیشن نے قومی ‘ صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی ابتدائی حلقہ بندیاں ..
اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی ابتدائی حلقہ بندیاں اور رپورٹ اپنی ویب سائٹ پر شائع کرتے ہوئے عوام الناس سے اعتراضات طلب کر لئے ۔ ترجمان کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 3اپریل مقرر کی گئی ہے اور اس کے بعد کوئی اعتراض قبول نہیںہوگا ۔

اعتراض جمع کرانے والوں کے لئے قواعد وضوابط جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ درخواست گزار متعلقہ حلقے کا ووٹر ہو ، درخواست اعتراضات میمورنڈم کی صور ت میں ہو،درخواست اعتراضاات سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد کے پاس جمع کرائی جا سکے گی ۔ اعتراض کرنے والے کے دستخط ، مکمل پتہ اور رابطہ نمبر ہونا چاہیے ، درخواست اعتراض کرنے والا خود یا اس کا مجاز ایجنٹ بھی جمع کر اسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کو جس حلقے پر اعتراض ہو وہ اپنی تجویز اس متعلقہ حلقے کے پورے ضلع کے لئے دے ۔ کورئیر سروس، فیکس یا ای میل کے ذریعے کوئی درخواست اعتراضات زیر غور، وصول نہیں کی جائے گی ۔ درخواست اعتراضات کی آٹھ کاپیاں جمع کرانا ہوں گی ،علاوہ ازیں اتنی ہی تعداد میں متعلقہ نقشے لف کرنا ہوں گے جو کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ، بیورو آف سٹیسٹکس یا متعلقہ محکمہ ریو نیو سے حاصل کئے جاسکتے ہیں جن میں ضلع یا ایجنسی کے موجودہ تمام انتظامی اور ریو نیو یونٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔

مارک شدہ نقشے متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر سے ایک ہزار روپے فی نقشہ کی ادائیگی پر حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔وفاقی دارالحکومت کے مارک شدہ نقشے ضلعی الیکشن کمشنر اسلام آباد اورفاٹا سے متعلق نقشے صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختوانخواہ پشاور کے دفتر سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ درخواست اعتراضاات تیار کرنے والا فرد صرف سال 2017ء میں پاکستان بیورو آٖ سٹیسٹکس کی جانب سے شائع کی جانے والی مردم شماری رپورٹ میں دئیے گئے اعداد پر اکتفا کرے گا ۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے عوام کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ابتدائی حلقوں سے متعلق اعتراضات جمع کرانے اور عوام کی سہولت کے لئے اسلام آباد میں سہولت مرکز قائم کیا ہے۔ تمام چاروں صوبوں، وفاق اور فاٹا سے متعلق اعتراضات دفتری اوقات صبح آٹھ بجے سے چار بجے شام کے دوران وصول کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :