وزیراعظم کی موبائل فنانشل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت

موبائل فنانشل سیکٹر میں سرمایہ کاری سازگار حکومتی پالیسیوں کی عکاس ہے، شاہد خاقان عباسی

منگل 13 مارچ 2018 21:16

وزیراعظم کی موبائل فنانشل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی مفاہمت کی یادداشت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں موبائل فنانشل سیکٹر میں سرمایہ کاری سازگار حکومتی پالیسیوں کی عکاس ہے۔وزیراعظم نے منگل کو موبائل فنانشل سیکٹر میں 184.5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے سٹرٹیجک شراکت داری کے معاہدہ کے حوالہ سے ٹیلی نار گروپ اور آنٹ فنانشل سروسز گروپ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں وزیر مملکت آئی ٹی و ٹیلی کام انوشہ رحمن، پاکستان میں چینی سفیر یائو جنگ، پاکستان میں ناروے کے سفیر تورے نیڈ ریبو اور مذکورہ دونوں اداروں کے سینئر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ ایم او یو کے مطابق آنٹ فنانشل سروسز گروپ ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک میں 184.5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا جو ٹیلی نار گروپ کا ذیلی ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالہ سے سازگار حکومتی پالیسیوں کی عکاس ہے۔

انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے آنٹ فنانشل کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کے حوالہ سے ٹیلی نار کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشتراک کار ڈیجیٹل پیمنٹ سلوشنز کے ذریعے مالیاتی خدمات تک وسیع تک رسائی میں معاون ہو گا۔