اے ڈی اے کے زیراہتمام شجرکاری مہم کا آغاز، خواجہ سرائوں، قیدی، پروبیشنرز اور طلبہ نے بھرپو ر شرکت کی

رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون، رکن صوبائی اسمبلی آمنہ سردار اور ڈائریکٹر جنرل کنیز صغرٰی مہمان تھے

منگل 13 مارچ 2018 23:40

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی اے ڈی اے اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، مہم میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے علاوہ خواجہ سرائوں، ٹرانس جینڈر، قیدی پروبیشنرز اور مختلف تعلیمی اد اروں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف سکولز کے طلبہ نے بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد اظہر جدون نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرہ کا سب سے اہم جزو ہیں جن کی صلاحیتوں اور مثبت سرگرمیوں سے معاشرہ میں واضح تبدیلیاں رہنما ہوتی ہیں۔ خواجہ سرائوں کی شرکت کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ اس کمیونٹی کو قومی دائرے میں لانے کیلئے قانون سازی کی جا رہی ہے، خیبر پختونخوا اسمبلی میں ان کے حقوق کیلئے بل پاس کروایا گیا ہے، خواجہ سرائوں کو اس طرح کی مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا انتہائی خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرانس جینڈرز کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے تاکہ یہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی آمنہ سردار نے کہا کہ ہمیں الله کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ ہمارا علاقہ کتنا خوبصورت، سرسبز اور قدرتی حسن سے مالا مال ہے، ہمیں اپنی آنے والی نسل کو درختوں کی افادیت کے حوالہ سے آگاہ کرنا ہوگا، دنیا اس وقت موسمیاتی تغیرات، زمینی کٹائو اور گلیشیئرز کے پگھلنے کی وجہ سے سخت پریشان ہے اس لئے ہمیں ابھی سے ہی اپنے آنے والی نسل کی بقاء کیلئے شجرکاری میں اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔

اس موقع پر انہوں نے مہم میں خواجہ سرائوں کی شمولیت کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانس جینڈرز ہمارے معاشرہ میں استحصال کا شکار ہیں، خیبر پختونخوا اسمبلی کو یہ فخر حاصل ہے کہ معاشرہ کے اس نظر انداز طبقہ کے حوالہ سے قانون سازی ان کے بل پر ہوئی۔ آمنہ سردار نے کہا کہ ہمیں سیاسی پارٹیوں اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر معاشرہ کے اس پسے ہوئے طبقہ کے حقو ق کیلئے کوشش کرنا ہو گی۔

ڈائریکٹر اے ڈی اے کنیز صغرٰی نے کہا کہ درختوں کی افادیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، ہمیں اس کیلئے ملکر کاوش کرنا ہو گی، اس عظیم مقصدکیلئے سوسائٹی کے ہر طبقہ کو اپنی ذاتی زندگی اور مصروفیات سے بالاتر ہو کر ماحول اور موسمی تبدیلی کیلئے اپنے حصہ کا درخت لگانا ہو گا۔ ڈائریکٹر ایبٹ آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنیز صغرٰی نے کہا کہ دونوں ادارے تقریباً ایک لاکھ پودے لگائیں گے تاکہ موسم میں تبدیلی، زمینی کٹائو، بارشوں کی کمی اور جنگلی حیات کی بقاء کیلئے اپنا حصہ ڈال سکیں۔

اس شجرکاری مہم میں پر ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر سردار سلیم اور پروبیشن اینڈ ریکلیمیشن ڈیپارٹمنٹ کے 35 سے زائد افراد کے علاوہ شی میل ایسوسی ایشن مانسہرہ ایبٹ آباد سے کثیر تعداد میں ٹرانس جینڈرز نے شرکت کی۔