ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ضروری اشیاء خوردنی کے نئے ریٹ مقرر کر دیئے

مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد

منگل 13 مارچ 2018 23:40

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء)ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ضروری اشیاء خوردنی کے نئے ریٹ مقرر کر دیئے ہیں، دکانداروں کو خبردار کیا ہے کہ مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی ایبٹ آباد کا اجلاس منگل کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انور زیب کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ہول سیل مارکیٹ کے نرخوں میں اتار چڑھائو کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں ردوبدل بھی کیا گیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شاد محمد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اسد لودھی و حبیب الله خان، ریجنل منیجر یوٹیلٹی سٹورز، سرکاری محکموں کے افسران، متعلقہ تاجر تنظیموں کے عہدیداروں اور صارفین کے نمائندوں کے علاوہ تحفظ صارفین کونسل کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے فیصلہ کے مطابق صارفین اور تاجروں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے چھوٹے گوشت کا نرخ 600 روپے فی کلو، بڑے گو شت کا 300، دودھ 100، دھی 105 روپے اور پکوڑے کا نرخ 160 روپے فی کلو مقرر کیا گیا۔

اجلاس میں کریانہ مرچنٹس اور ریستوران کے مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ چائنہ سالٹ کی فروخت اور استعمال پر پابندی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ کی پابندی کریں اور اشیائے خوردنی کے مقرر نرخ نامے واضح طور پر آویزاں کریں تاکہ صارفین کو ریٹ معلوم ہو سکیں۔