میانمار کے بحران میں فیس بک نے نفرت پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا ، اقوام متحدہ

بدھ 14 مارچ 2018 10:30

جنیوا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) میانمار میں ممکنہ نسل کشی کی تحقیقات کرنے والے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بحران کے حوالے سے معروف سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک نے میانمار میں نفرت پھیلانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے میانمار میں حقائق کا پتہ لگانے والے خود مختار بین الاقوامی مشن کے سربراہ مرزوقی داروسمان نے صحافیوں کو بتایا کہ میانمار میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے بیچ نفرت اور تنازع پھیلانے میں ان ویب سائٹوں نے مرکزی طور پر حصّہ لیا۔میانمار کے لیے اقوام متحدہ کی تحقیق کار یانگے لی کا کہنا ہے کہ میانمار میں لوگوں کی زندگی میں فیس بک کا بڑا عمل دخل ہے۔

(جاری ہے)

ویب سائٹ نے اس غریب ملککی بڑی مدد کی ہے مگر اس کو نفرت انگیز مواد پھیلانے کے لیے بھی استعمال کیا گیا۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ شدت پسند قوم پرست بدھسٹ عناصر کے فیس بک پر ذاتی صفحات ہیں اور یہ لوگ عملی طور پر روہینگا اور دیگر اقلیتوں کے خلاف بہت زیادہ نفرت اور تشدد پر مبنی جذبات پھیلاتے ہیں۔

مذکورہ ماہرین کی جانب سے اس تنقید کے جواب میں فیس بک کمپنی کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ فیس بک نے جنوری میں میانمار کے انتہا پسند رہنما ویراتھو کا اکاؤنٹ نفرت انگیز مواد کے سبب ختم کر دینے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :