Live Updates

عائشہ گلالئی کی نا اہلی کے لیے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی درخواست خارج

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 مارچ 2018 11:58

عائشہ گلالئی کی نا اہلی کے لیے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 مارچ 2018ء) : سپریم کورٹ نے عائشہ گلالئی کی نااہلی سے متعلق عمران خان کی درخواست مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے عائشہ گلالئی کی نا اہلی سے متعلق عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس نے کہا کہ عائشہ گلالئی کا تحریری استعفیٰ تو نہیں آیا، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا عائشہ گلالئی نے تحریری استعفیٰ دے دیا؟ جس پر وکیل عمران خان نے کہا کہ نہیں بالکل نہیں، عائشہ گلالئی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی چھوڑ رہی ہوں۔

عائشہ گلائی نے وزیر اعظم کے انتخاب میں ووٹ نہ دے کر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کیا پارٹی چئیر مین نے وزیر اعظم کے انتخاب میں خود ووٹ دیا تھا ؟ وکیل عمران خان نے کہا کہ نہیں عمران خان شہر میں نہیں تھے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ اگر عائشہ گلالئی بھی یہی کہیں کہ وہ شہر میں نہیں تھیں؟ عمران خان کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں قانونی سقم ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس میں مستعفی ہونے کی بات کی تھی۔ اس طرح تو شیخ رشید نے بھی کہا تھا کہ استعفیٰ دے رہا ہوں۔ تو کیا ان کا بھی استعفیٰ ہو گیا؟ سیاسی لوگ ایسے بیانات دیتے رہے ہیں ۔عدالت نے عائشہ گلالئی کی نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے عمران خان کی اپیل مسترد کر دی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات