2017ء کے دوران ملک میں شاہرائوں پر حادثات میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، وزیر مملکت برائے مواصلات جنید انوار چوہدری کا قومی اسمبلی میں جواب

بدھ 14 مارچ 2018 14:02

2017ء کے دوران ملک میں شاہرائوں پر حادثات میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) وزیر مملکت برائے مواصلات جنید انوار چوہدری نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ سال 2016-17ء میں ملک میں شاہرائوں پر حادثات میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں خالدہ منصور اور سید افتخار الحسن شاہ کے توجہ مبذول کرانے کے نوٹس پر انہوں نے ایوان کو بتایا کہ موٹروے پولیس نے شاہرائوں پر ٹریفک کی بحالی‘ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور حادثات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

موٹروے پولیس ہمارا قابل فخر ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2016-17ء میں قومی شاہرائوں پر حادثات میں تقریباً 17 فیصد کمی آئی ہے۔ وزیر مملکت نے بتایا کہ اوور سپیڈنگ کے خاتمے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے موٹروے پولیس اور دیگر ادارے اقدامات کر رہے ہیں۔ قبل ازیں محترمہ خالدہ منصور اور سید افتخار الحسن شاہ نے توجہ مبذول نوٹس پر بتایا کہ قومی شاہرائوں پر ڈمپر اور ٹرکوں کی ڈرائیونگ جلد بازی اور لاپرواہی کی وجہ سے حادثات رونما ہوتے ہیں جن کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔