ہنگو،شام میں جاری مظالم کے خلاف جے یو آئی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ

مظاہرین کا اقوام متحدہ اور عالمی انسان حقوق کی تنظیموں سے شام میں جاری مظالم روکنے کے لئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ

بدھ 14 مارچ 2018 16:30

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) شام میں جاری مظالم کے خلاف جے یو آئی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ۔ امریکہ ،روس دونوں دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ملک قرار۔ شام کے مسلمانوں کی حمایت میں اقلیتی برادری بھی میدان میں آگئی۔مظاہرین کا اقوام متحدہ اور عالمی انسان حقوق کی تنظیموں سے شام میں جاری مظالم روکنے کے لئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان کی کال پر ملک کے دیگر اضلاع کی طرح ہنگو میں بھی شام کے نہتے شہریوں پر مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا گیا جس میںضلعی امیر مفتی دین اظہر،ضلع ناظم مفتی عبید اللہ، مولانا تحسین اللہ، سابق ایم پی اے حاجی عتیق الرحمان، مولانا رحمت اللہ زار، اقلیتی رہنمائڈسٹرکٹ ممبر فرید چند ،حاجی عبد الرحمان سمیت سینکڑوں افرادنے شرکت کرتے ہوئے شام کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

احتجاجی ریلی مسجد الشیراوی سے نکالی گئی جبکہ مین بازار میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کے دوران امریکہ ،روس اور بشر السد حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی جبکہ اس دوران مین جی ٹی روڈکو ہر قسم کے ٹریفک کے لئے بند رکھا گیا۔ مظاہرے سے خطاب میں ضلعی امیر جے یو آئی مفتی دین اظہر، ضلع ناظم مفتی عبید اللہ، مولانا تحسین اللہ،قاری مطیع اللہ و دیگر نے کہا کہ شام میں نہتے شہریوں پر ظلم کی انتہاء انسانی تاریخ کا بد ترین حادثہ ہے اور بے قصور شہریوں پر بمباری انسانی بنیادی حقوق کی بدترین تزلیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے تمام امت مسلمہ ممالک میں قتل عام کیا ہے جبکہ اب موجودہ وقت میں شام میں نہتے شہریوں کو بھی مظالم کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا شیطان اور فسادی ملک ہے جس نے انسانیت کو نقصان پہنچایا جبکہ دنیا میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے ہیںتا ہم انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ امریکہ کی دہشت گردی اور ظلم پر اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک کا اتحاد تاحال خاموش تماشائی کا کردار ادا رکر رہے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ کسی بھی مذہب میں ظلم کرنے کی اجازت نہیں ہے جبکہ انسان کو ظلم کے خلاف دفاع کا مکمل حق بھی حاصل ہے اور شام کے مسلمانوں کے ساتھ جانی و مالی ہر قسم کے تعاون کے لئے تمام مسلمان ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلم ممالک کی نظریں پاکستان پر ہے جبکہ اسلامی ممالک اور حکومت پاکستان کو شام میں جاری مظالم کو روکنے کے لئے ہرپلیٹ فارم پر آواز بلند کرنا ہوگا۔

اس موقع پر اقلیتی رہنماء ڈسٹرکٹ ممبر فرید چند نے کہا کہ اقلیتی برادری بالخصوص سکھ برادری شام میں مسلمانوں پر جاری مظالم کی شدید مزمت کرتی ہے جبکہ اقلیتی برادری شام کے مسلمانوں کے ساتھ جاری ظلم کے خلاف ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری طور پر شام میں جاری ظلم کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھائیں ۔

متعلقہ عنوان :