تجاوزات کی بھرمار سے چکری روڈ سکڑ کر رہ گئی

سوزوکیوں پر پھل ،سبزیاں بیچنے والوں نے سڑک کے دونوں اطراف ڈیرے جما لیے ۔\

بدھ 14 مارچ 2018 16:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) توسیعی منصوبے کی تکمیل کے باوجود تجاوزات کی بھرمار سے چکری روڈ سکڑ کر رہ گئی ، سڑک کی توسیع کے باوجود صورتحال بہتر نہ ہوسکی ۔شہریوں کی بڑی تعداد نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے زیر اثر علاقے چکری روڈ پر لال کوٹھی سے لے کر لالہ رخ کالونی ،موہڑہ چھپر ،ملک پور ،پیر مہر علی شاہ ٹائون تک سڑک کے دونوں اطراف تجاوزات مافیا قابض ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی پارکنگ محدود ہوچکی ہے اور بے ہنگم پارکنگ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہتا ہے۔

شہریوں نے سرکاری خبر ایجنسی کو بتایاکہ چکری روڈ کا توسیعی منصوبہ حال ہی میں مکمل ہوا ہے تاھم میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث پیر مہر علی شاہ ٹائون تک سڑک کے دونوں اطراف دیگر تجاوزات کے ساتھ ساتھ سوزوکی تجاوزات کی بھی بھرمار ہو چکی ہے اور سوزوکیوں پر پھل اور سبزیاں بیچنے والے سڑک پر قابض ہیں ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے الزام عائد کیاکہ میونسپل کارپوریشن کے عملے کی مبینہ ملی بھگت سے چکری روڈ پر پختہ تجاوزات کی بھی بھرمار ہے تاھم انسداد تجاوزات عملہ کارروائی سے گریزاں ہے ۔

شہریوں نے سٹی ٹریفک پولیس ، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی اور دیگر متعلقہ اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہاہے کہ تجاوزات مافیاکے خلاف موثر کارروائی کر کے سڑک کو واگذار کرایا جائے ۔خبررساں ادارے کو دستیاب معلومات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس عباد الرحمن لودھی نے بھی شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمے کے احکامات دے رکھے ہیں تاھم واضح عدالتی احکامات کے برعکس میونسپل کارپوریشن راولپنڈی شہر کے دیگر حصوں سمیت چکری روڈ سے تجاوزات خاتمے میں ناکام ہو چکی ہے ۔tca

متعلقہ عنوان :