محروم طبقے کو زندگی کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کی جائیں ملک رفیق رجوانہ

دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ایسے لوگ ہمارے معاشرے کے چہرے کا جھومر ہیں ‘گورنرپنجاب

بدھ 14 مارچ 2018 18:08

محروم طبقے کو زندگی کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے اپنی توانائیاں صرف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اپنے لیے تو ہر کوئی جیتا ہے‘ اصل زندگی وہ ہے جو انسان اپنے لیے نہیں بلکہ دوسروں کے لیے جیے خصوصا محروم طبقے کو زندگی کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے اپنی توانائیاں صرف کی جائیں بلاشبہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ایسے لوگ ہمارے معاشرے کے چہرے کا جھومر ہیں ،انفرادی سطح پر شروع کی جانے والی خدمت انسانیت کی ہر کوشش کے لیے حکومت ہمہ وقت تیار ہے اور ان کے ساتھ تعاون ہمارا دینی ، معاشرتی اور قومی فریضہ ہے - ان خیالات کا انہوں نے تیزاب گرانے کے واقعات یا تشدد کے نتیجے میں متاثر ہونے والی خواتین کے لیے مقامی این جی اوز کے تعاون سے شروع کی جانے والی ہیلپ لائن کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق،ڈی جی ریسکیو 1122 رضوان نصیر اور مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ خدمت انسانیت سے بڑھ کر دنیا میں کوئی چیزنہیں اور یقینا اس کا ر خیر میں حصہ لینے والے دین اور دنیا دونوں میں سرخرو ہوں گی- انہو ںنے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کی ہرسطح پر حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے اور حکومت نے ایسے قوانین بنائے ہیں جن سے خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کو روکا جا سکے اور انہیں معاشرے میں ان کا جائز مقام فراہم کیا جا سکے - انہو ںنے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد جیسے واقعات کو روکنے کے لیے حکومتی کوششیں اپنی جگہ اس ضمن میں ہم سب کو اپنی انفرادی سطح پر بھی کردار ادا کرنا ہو گااور مسرت مصباح کی قیادت میں ’’سمائل آگین ‘‘ فائونڈیشن کا یہ اقدام بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہو گا-گورنر پنجاب نے کہاکہ خواتین کے خلاف تشدد جیسے واقعات میں یقینا کمی تو آئی ہے تاہم دورافتادہ علاقوں میں اس حوالے سے ابھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے - انہو ںنے کہاکہ اگر ہم ترقی یافتہ اقوام کی طرف نظر دوڑائیں تو یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ کسی بھی ملک نے خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی کی منزل نہیں حاصل کی ، یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے منشور میں یہ بات بڑی واضح ہے کہ نہ صرف خواتین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا بلکہ ان کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گی- انہو ں نے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں آج خواتین زندگی کی دوڑ میں آگے نظر آتی ہیں اور شاید ہی کوئی ایسا شعبہ ہے جس میں خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا نہ منوایا ہو- گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر وہ جب بھی کسی یونیورسٹی کے کانووکیشن میں جاتے ہیں انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ اعلی تعلیم کے شعبے میں خواتین کی تعداد نہ صرف روز بروز بڑھ رہی ہے بلکہ کارکردگی میں وہ مردوں کو بھی پیچھے چھوڑ رہی ہیں ۔

گورنر پنجاب نے خواتین پر تیزاب گرانے کے واقعات کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے ایسی متاثرہ خواتین کی بحالی اور انہیں دوبارہ زندگی کی دوڑ میں شامل کرنے کے لیے سماجی کارکن مسرت مصباح اور ان کی پوری ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور انہیں اس اہم فریضے کی ادائیگی کے دوران نہ صرف سرکاری طور پر اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی بلکہ ذاتی حیثیت سے بھی ان کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعد ہ کیا -اس موقع پر فاؤنڈیشن کی چیئر پرسن مسرت مصباح نے اپنے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ خواتین کو تعلیم یافتہ اور باہنر بنانے کی کوشش کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر خود کھڑا ہو کر اپنی اور اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں- تقریب سے پہلے گورنر ہاؤس لاہور میں ایک خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں مثاثرہ خواتین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی - واک کے شرکاء نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر خواتین کے خلاف تشدد کو روکنے اور متاثرہ خواتین کے ساتھ ہمدردی کے نعرے درج تھے - گورنر پنجاب نے خصوصی طور پر واک میں شرکت کی ۔

دریں اثناہ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں بار ایسوسی ایشن جہانیاں کے وفد نے صدر بار محمد لطیف خاں خٹک کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وکلاء برادری نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔ وفد میں جنرل سیکرٹری بار مہر محمد رفیق اتھرا، نائب صدر شاہد حسین ٹانوری اور جوائنٹ سیکرٹری چوہدری حبیب الرحمان شامل تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ اصولوں اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے انتہائی مثبت کردار ادا کیا ہے اور ملک کی بقا اور جمہوری اداروں کی مضبوطی اور استحکام میں مدد گار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور موجودہ حکومت عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی مسائل کی فراہمی کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء انصاف کی فراہمی کے عمل میں کلیدی کردار رکھتے ہیں اور وکلاء برادری کی فلاح و بہود اور بار ایسوسی ایشنوں کی مضبوطی کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :