بھارت ظلم وتشدد اورطاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزور نہیں کرسکتا ،میر واعظ فورم

مسئلہ کشمیر کی حساسیت اور حقیقت سے چشم پوشی کا عمل پورے خطے کو مزید خطرات سے دو چار کرنے کا موجب بن رہا ہے، ترجما ن

جمعرات 15 مارچ 2018 20:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںمیر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم فورم نے طاقت اور تشدد کے بل پر کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کے عمل کو استعماری حربہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کی حساسیت اور حقیقت سے چشم پوشی کا عمل پورے خطے کو مزید خطرات سے دو چار کرنے کا موجب بن رہا ہے ۔

فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کی بنیادی وجہ حل طلب مسئلہ کشمیر ہے اورگزشتہ کئی دہائیوں سے جاری کشیدگی اور مخاصمت کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ اس دیرینہ تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔انہوںنے کہاکہ بھارتی حکمران دانستہ طورپر مسئلہ کشمیر کے متعلق تاریخی و سیاسی تلخ حقائق کو نظر انداز کررہے ہیں اور اس سیاسی اور انسانی مسئلہ کو محض انتظامی مسئلہ قرار دیکر پورے خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کی تاریخی متنازعہ حیثیت اور کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کو نظر انداز کرکے نہ تو خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے اور نہ ہی دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان تعلقات میں بہتری ممکن ہے ۔انہوںنے کہاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کا راستہ کشمیر سے ہوکر گزرتا ہے اورخطے کے کروڑوں عوام کے محفوظ مستقبل کیلئے مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں حل کرنے کی غرض سے مسئلہ کشمیرکے تمام فریقوں کے درمیان بامعنی مذاکراتی عمل کیلئے سازگار ماحول فراہم کیاجائے۔

میر واعظ عمر فاروق کی ہدیات پرفورم کا ایک وفد جس میں مشتاق احمد صوفی، ایڈوکیٹ یاسر دلال، پیر غلام نبی اور فاروق احمد سوداگر شامل تھے نے احمد نگر صورہ جاکر شہید عیسیٰ فاضلی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔وفد نے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاںنہیں جائیں گے ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایاجائیگا۔

فورم کے ترجمان نے میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل گھر میں جبکہ حریت رہنماء مختار احمد وازہ کی صدر پولیس اسٹیشن اسلام آباد میں نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قابض انتظامیہ حریت قیادت کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہی ہے تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی۔

متعلقہ عنوان :