الیکشن کمیشن، ایم کیو ایم پاکستان کے منحرف اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ڈپٹی مئیر کراچی کی رکنیت ختم بارے دائر درخواستوں پر سماعت 2اپریل تک ملتوی

جمعرات 15 مارچ 2018 22:06

الیکشن کمیشن، ایم کیو ایم پاکستان کے منحرف اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ..
اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2018ء) الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کے منحرف اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ڈپٹی مئیر کراچی کی رکنیت ختم کرنے کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت 2اپریل تک ملتوی کر دی ہے ،ایم کیو ایم کی کنوینئر شپ کا فیصلہ ہونے کے بعد ہی منحرف اراکین کے بارے میں فیصلہ کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز ایم کیو ایم کے منحرف اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت ڈپٹی میئر ارشد ووہرا کی رکنیت ختم کرنے کے حوالے سے دائر درخواستوں کی سماعت ممبر الیکشن کمیشن سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کی اس موقع پر ارشد ووہرا اور منحرف اراکین کے وکلا سمیت ڈاکٹر فاروق ستار کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا کے وکیل نے سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ایم کیو ایم کی کنوینر شپ کا معاملہ کمیشن میں زیر سماعت ہے اس کیس کے فیصلے کے بعد ہی اپنے دلائل دے سکوں گا جس پر کمیشن کی خاتون ممبر نے کہاکہ بعض اراکین نے جواب جمع کرانا تھا ان کے جواب ابھی تک نہیں آئے ہیں ایم کیو ایم کی رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی خود الیکشن کمیشن میں پیش ہوئی کمیشن نے ارم عظیم کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی اس موقع پر ارم عظیم فاروقی نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ میں نے کسی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی پھر بھی ڈی سیٹ کرنے کا نوٹس دیا گیاالیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی اس موقع پر ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینیئر شپ کے مسئلے کی وجہ سے معاملہ تاحال التوا کا شکار ہے انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ایم کیو ایم کے رہنما آپس کی لڑائی میں پڑے ہیں اور کراچی کی عوام کو کسی کو فکر نہیں ہے انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن ایم کیو ایم پاکستان کی سربراہی کا فیصلہ چھبیس مارچ کو ہو گااس فیصلے کے بعد منحرف ارکان پر فیصلہ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست کرتے ہیں کہ جلد فیصلہ کرے تاکہ کراچی کی عوام کی محرومیاں کم ہو سکیں۔

۔۔۔۔اعجاز خان