اوکاڑہ،محکمہ زراعت کے زیر اہتمام جڑی بوٹی مار مہم سیمینار وآگہی واک

جمعرات 15 مارچ 2018 22:25

اوکاڑہ۔15 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2018ء)ڈائریکٹر ایگریکلچر توسیع ساہیوال ڈویژن عبد الغفور غفاری نے کہا ہے کہ جڑی بوٹیوں کی موئثر تلفی کے بغیر نہ تو فی ایکٹر پیداوار کا مطلوبہ ٹارگٹ حاصل کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی زراعت کو منافع بخش بنایا جا سکتا ہے ،جڑی بوٹیوں سے چھٹکارا حاصل کر کے کاشتکار نہ صرف اپنی آمدن میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ اس سے ملکی معیشت بھی مستحکم ہو گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام منعقدہ جڑی بوٹی مار مہم سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں کاشتکاروں ،وکلاء ،کاشتکار تنظیموں ،بیج کھاد اور زرعی ادویات کی کمپنیوں کے نمائندوں سمیت متعلقہ افراد نے شرکت کی ،اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری فاروق جاوید ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع رائو ریاض انجم نے جڑی بوٹیوں کی اقسام کو تلف کرنے کے طریقے ،کیمیائی کنڑول کیلئے زہروں کے استعمال اورطفیلی جڑی بوٹیوں سے متعلق آگاہی دی ،ڈائریکٹر ایگریکلچر توسیع ساہیوال ڈویژن عبد الغفور غفاری نے بھی جڑی بوٹیوں سے ہونے والے نقصانات ،جڑی بوٹیوں کے پھیلائو ،پیداوار میں کمی ،پانی کے ضیاع ،روشنی میں رکاوٹ ،جڑی بوٹیوں کا فصل پر قبضہ ،کیڑے مکوڑوں اور فصلوں کی بیماریوں کے پھیلائو ،پیداواری اخراجات میں اضافہ اور فصل میں معیار کی کمی بارے آگاہی دی ،اس موقع پر کاشتکاروں کو داب کا طریقہ ،فصلوں کے ادل بدل ،فی ایکٹر پودوں کی تعداد کو پورا کر کے جڑی بوٹیوں کا خاتمہ ،قطاروں میں کاشت ،گوڈی کا طریقہ اور جڑی بوٹیوں کی تلفی بذریعہ زرعی آلات بتایا گیا، بعد ازاں سیمینار کے شرکاء نے جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کیلئے علامتی طور پر گوڈی کی جبکہ شرکاء سیمینار نے عوامی آگاہی کیلئے محکمہ زراعت کے دفتر سے ڈپٹی کمشنر آفس تک علامتی آگاہی واک بھی کی ۔