پاکستان کشمیریوںکی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا، ڈاکٹر محمد فیصل

کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیںہے، مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جانا چاہئے، سیمینار سے خطاب

جمعرات 15 مارچ 2018 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2018ء) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاہے کہ پاکستان کشمیریوںکی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا، کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیںہے، مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جانا چاہئے۔ترجمان دفترخارجہ نے یہ بات جمعرات کو آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیںہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کیس انتہائی مضبوط ہے اور بھارت کو کشمیر کا بنیادی تنازعہ حل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی پالیسی میں کوئی ابہام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا،پاکستان کشمیریوں کی جائز جدوجہد میں ان کیساتھ کھڑا ہے اور مستقبل میں بھی ساتھ کھڑا رہے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم اور سفارتکار کشمیر کا معاملہ تمام عالمی فورمز پر اٹھاتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جولائی 2016ء میں برہان وانی کی شہادت کے بعد جدوجہد آزادی میں اب تک 200 کشمیری شہید، 15 ہزار زخمی اور تقریباً 15 ہزار لاپتہ ہو گئے ہیں جبکہ 1200 کشمیری نوجوان بھارتی فورسز کی جانب سے پیلٹ گنز کے استعمال سے اپنی بصارت کھو چکے ہیں۔