ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ایڈیشنل ٹریژرر اور ڈائریکٹر ٹریننگز اکبر خان یونیورسٹی ملازمت سے سبکدوش ہو گئے

جمعرات 15 مارچ 2018 23:11

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ایڈیشنل ٹریژرر اور ڈائریکٹر ٹریننگز اکبر خان یونیورسٹی ملازمت سے سبکدوش ہو گئے۔ اس موقع پر ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس تھے۔ وائس چانسلر نے اکبر خان کی ہزارہ یونیورسٹی کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اکبر خان نے یونیورسٹی سروس میں رہتے ہوئے نہ صرف فنانس ڈیپارٹمنٹ بلکہ یونیورسٹی کے دیگر تعلیمی و انتظامی شعبوں کے افسران اور ملازمین کو بطور ڈائریکٹر ٹریننگز تربیت فراہم کی جو ایک باصلاحیت اور پیشہ وارانہ افسر کی پہچان ہے اور یونیورسٹی کے تمام ملازمین کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں اکبر خان جیسے مالی و انتظامی امور کے ماہر کی رفاقت میسر آئی جس کیلئے ہم ان کے ہمیشہ مشکور رہیں گے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ سبکدوش ہونے والے اکبر خان نے یونیورسٹی میں رہتے ہوئے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو یونیورسٹی کے مالی امور کے استحکام، ملازمین کی فلاح اور طلباء و طالبات کیلئے سہولیات فراہم کرنے کیلئے استعمال کیا جو ایک نہایت محنت طلب اور دشوار کام ہے جسے انہوں نے نہایت ثابت قدمی سے پورا کیا ہے، اس طرح ان کی خدمات اس ادارے کیلئے مثالی ہیں اور یونیورسٹی کے افسران انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وائس چانسلر نے کہا کہ ان کی فنانس ڈیپارٹمنٹ میں کی گئی اصلاحات سے اس شعبہ کے تمام افسران مستقبل میں مستفید ہوتے رہیں گے۔ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین شاہ نے کہا کہ اکبر خان نے اپنا بہترین وقت یونیورسٹی کے مالی امور کی بہتری کیلئے دیا اور یونیورسٹی مالیات کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرتے ہوئے اپنے دیگر سٹاف کو بھی تربیت فراہم کی اور آج جب وہ سروس سے سبکدوش ہو رہے ہیں تو ان کے تربیت یافتہ افسران فنانس کے شعبہ کو چلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہوئے اپنے فرائض منصبی سر انجام دے رہے ہیں اور آج ہم انہیں یونیورسٹی ملازمت سے باعزت طور پر سبکدوش ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ڈاکٹر منظو ر حسین شاہ نے کہا کہ اکبر خان کی پیشہ ورانہ امور میں صلاحیتیں اور مالی امور پر گرفت ان کی پروفیشنل مہارت کی عکاس ہے اور یونیورسٹی میں رہتے ہوئے انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو پر عزم طریقے سے سر انجام دیتے ہوئے یونیورسٹی کی مثالی خدمت کی ہے جس کیلئے وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ موجود رہیں گے۔ اس موقع پر اکبر خان نے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی ملازمین کو اس ادارہ کی مزید بہتری اور فلاح کیلئے اپنی صلاحیتیں بھرپور طریقہ سے سرانجام دینی چاہئیں اور اس مقصد کیلئے اگر میری کہیں بھی ضرورت محسوس ہوئی تو میری خدمات ہر وقت حاضر رہیں گی۔

اکبر خان نے مزید کہا کہ میں نے اس ادارے میں خدمات کے دوران ایک خاندان کی طرح کام کیا اور ٹیم ورک کی بدولت یونیورسٹی کے مالی امور میں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے افسران، اساتذہ، ملازمین، طلباء و طالبات اور سکالرز کی بہتری کیلئے نئی پالیسیوںکو قانونی حیثیت دلوائی جس کا فائدہ یونیورسٹی سے جڑے تمام افراد کو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مالی اصلاحات و انتظامی اقدامات کو ملکی سطح پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے سراہا ہے اور ان پالیسیوں کو صوبہ کے دیگر تعلیمی ادارے بھی اب اپنے ہاں نافذ کر رہے ہیں۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے تمام افسران اور پروفیسرز بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر اکبر خان کو یونیورسٹی کیلئے مثالی خدمات کے اعتراف کے طور پر سوینئر بھی پیش کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :