آزادی پسند رہنمائوں ، تنظیموںکا شہید نوجوانوںکو خراج عقیدت

بھارت کشمیری نوجوانوں کے پے در پے قتل، جبر استبداد کے ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو ہرگز دبا نہیں سکتا، بیان

جمعہ 16 مارچ 2018 16:57

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند تنظیموں اور رہنمائوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جمعہ کو سرینگر کے مضافاتی علاقے بلہامہ کھنموہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں شبیر احمد اور راسخ نبی کو شاندار خراج عقید ت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں شہید نوجوانوںکو خراج عقیدیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کا ایک بیش بہا اثاثہ ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارت بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے پے در پے قتل اور جبر استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔ بیان میں بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ ہٹ دھرمی پر مبنی موقف ترک کر کے تنازع کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے ایک بیان میں شہید نوجوانوںکو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے علاقے میں قیمتی انسانی جانوںکا زیاں مسلسل جاری ہے۔انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کنٹرول لائن پرجاری گولہ باری پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دنوں ملکوں کے درمیاں جاری کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ ہے۔ دریں اثنا سالویشن موومنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں ظفر اکبر بٹ اور پارٹی رہنما ہلال بیگ کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

جموںوکشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید نوجوانوںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان اپنی قیمتی جانوںکا نذرانہ دیکر یہ پیغام دے رہے ہیں کہ کشمیریوں کوغیر قانونی بھارتی تسلط ہر گز تسلیم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت نہیں دیتا ، وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :