ملتان،زرعی ادویات کے نئے لائسنسز کے حصول کا شیڈول جاری

جمعہ 16 مارچ 2018 21:51

ملتان۔16 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) محکمہ زراعت کے شعبہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز ملتان نے زرعی ادویات کے نئے لائسنسز کے حصول کیلئے سال 2018 کے پہلے فیز کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق درخواست گزار پیسٹی سائیڈ زکے نئے لائسنسز کے حصول کیلئے درخواست فارم اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زراعت (توسیع) و زراعت آفیسران شعبہ پیسٹ وارننگ ملتان، شجاع آباد و جلالپور پیروالا کے دفاتر سے دفتری اوقات میں مفت حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

نئے لائسنس کیلئے ڈیلر حضرات مبلغ 6000 روپے جبکہ تجدید لائسنس کیلئے مبلغ 3000 روپے چالان نمبر 32 کے ذریعے سٹیٹ بنک آف پاکستان ملتان میں جمع کروائیں۔ درخواست دہندگان اپنی درخواستوں کے ہمراہ میٹرک سرٹیفکیٹ اور شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ کاپی، پاسپورٹ سائز کی 4 عدد تصاویر لف کریں۔ ہر لحاظ سے مکمل درخواستیں دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعبہ پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز پرانا شجاع آباد روڈ ملتان کے دفتر میں مورخہ06 اپریل 2018ء تک وصول کی جائیں گی۔ تجدید لائسنس کیلئے 3 روزہ ٹریننگ 26اپریل سے شروع ہوگی جبکہ نئے لائسنسز کے حصول کیلئے 15 روزہ ڈیلرز ٹریننگ پروگرام کا آغاز مورخہ 09 اپریل 2018ء سے ہوگا۔

متعلقہ عنوان :