وزیراعلیٰ سندھ کا تھر میں فی خاندان 100 کلوگرام گندم مفت تقسیم کا اعلان

جمعہ 16 مارچ 2018 22:44

وزیراعلیٰ سندھ کا تھر میں فی خاندان 100 کلوگرام گندم مفت تقسیم کا اعلان
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تھرپارکر کے قحط زدہ خاندانوں میں مفت گندم کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غذائی قلت کے خاتمہ کیلئے متاثرین کی امداد کیلئے فی خاندان 100 کلوگرام گندم مفت تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلی سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی کہ وہ تھر کا دورہ کرکے وہاں کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لے کر وہاں پر لوگوں میں گندم تقسیم کرنے کی ضرورت ہے کہ نہیں۔

جام خان شورو نے تمام تعلقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا اور تمام افراد سے ملاقاتیں کیں، جنہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال علاقہ میں قحط سالی جیسی صورتحال تھی مگر حکومت نے تھر کو قحط زدہ علاقہ ڈکلیئر نہیں کیا اور تھر کے لوگوں میں نہ تو گندم تقسیم کی اور نہ ہی ان کے مویشوں کے لئے چارہ۔

(جاری ہے)

جام خان شورو نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مذکورہ صورتحال ابھی تک تھر میں موجود ہے لہذا ان میں مفت گندم تقسیم کی جائے۔

وزیراعلی سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات کی سفارشات کی روشنی میں تھر کے 287000 خاندانوں میں فی خاندان 100 کلو گرام مفت گندم تقسیم کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن کو ہدایت کی کہ گندم کی یہ تقسیم مارچ سے شروع ہونی چاہئے اورر اپریل کے آخر تک جاری رہے گی۔ وزیراعلی سندھ نے چیف سیکریٹری کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ کمشنر میرپورخاص کو ہدایات جاری کریں کہ وہ گندم کی تقسیم شروع کردیں اور انہیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دیتے رہیں۔

متعلقہ عنوان :