آزادی مقبوضہ کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، راجہ مشتاق احمد منہاس

ہفتہ 17 مارچ 2018 18:30

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،آئی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ آزادی مقبوضہ کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔نہتے کشمیریوں کو ظالم و جابر بھارتی فوج جس ریاستی بربریت کا نشانہ بنا رہی ہے اس کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔

بھارت سمجھ لے اور جان لے کہ کشمیری عوام اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے اور نہ رہیں گے ہم پاکستانی ہیں ،تھے اوررہیں گے۔جس طرح دل کو انسانی جسم سے جدا نہیں کیا جا سکتا اس طرح پاکستانیوں اور کشمیریوں کو جدا نہیں کیا جا سکتا۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے جسے کشمیری قوم نے کبھی قبول نہیں کیا اور قیام پاکستان سے لیکر آج تک کشمیری مقبوضہ ریاست کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر کی آزادی اورمسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی کشمیر قرار دادوں میں مضمر ہے۔ وزیر اطلاعات نے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہیکہ مسئلہ کشمیر سمیت جملہ قومی امور پر پاکستان اور آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کی پالیسی ایک ہونی چاہیے تا کہ تحریک آزادی کیلئے مصروف عمل بہادر کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کا حق حاکمیت ووٹ کے ذریعہ پاکستان کے عوام کے پاس ہے اور ہر حال میں ووٹ کے تقدس کو بحال رہنا چاہیے۔

آزاد کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم پر پیش رفت سے لائن آف کنٹرول کے اس پار بھی مثبت پیغام گیا ہے۔ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ اٹوٹ ہے اور یہی وجہ ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر آباد کشمیری پاکستان کی سیکنڈ ڈیفینس لائن کا کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قائداعظم محمد علی جناح کے اقوال اور نظریات پر ان کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد ناگزیر ہے۔ پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ اپنی وابستگی کو برقرار رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے قیام پاکستان سے قبل ہی قرار داد الحاق پاکستان منظور کر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کر لیا تھا۔ اور یہی وجہ ہے کہ آج تک کشمیری الحاق پاکستان کی منزل کے حصول کے بعد تکمیل پاکستان کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :