ْقانون وآئین کی حکمرانی اور انصاف کی فوری رسائی کیلئے بارکا کردار کلیدی ،صدر آزاد کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت اپنی سات لاکھ مسلح افواج کے ذریعے کشمیری نوجوانوں ،بچوں ،خواتین اور بوڑھوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا کر نشان عبرت بنا رہی ہے ،تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 مارچ 2018 20:54

سماہنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2018ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدرسردار محمدمسعود خان نے کہا ہے کہ قانون وآئین کی حکمرانی اور انصاف کی فوری رسائی کے لئے بارکا کلیدی کردار ہے ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت اپنی سات لاکھ مسلح افواج کے ذریعے کشمیری نوجوانوں ،بچوں ،خواتین اور بوڑھوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا کر نشان عبرت بنا رہی ہے اور اب بھارت میں تعینات پاکستان کے سفارتی عملہ کو بھی ہراساں کرنا شروع کردیا۔

ابلاغ عامہ کے جملہ ذرائع کشمیریوں کے مسلمہ حق خود ارادیت کے حصول،ایل او سی پر بھارتی فائرنگ ،اور مقبوضہ کشمیر کے دلخراش واقعات کو میڈیا کے ذریعے بین الاقوامی دنیا کے سامنے اجاگر کریں اس حوالے سے میڈیا کی انتہائی اہم ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

سماہنی بار اور کشمیر پریس کلب سماہنی کے نو منتخب اراکین مبارک باد کے مستحق ہیں ۔سماہنی بار اور کشمیر پریس کلب سماہنی جو سیز فائر لائن پر واقع ہے کے لئے معقول رقم فراہم کریں گے اور ان کے جملہ مسائل حل کریں گے۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے تحصیل بار سماہنی اور کشمیر پریس کلب سماہنی کی حلف برداری کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریبات سے بار ایسو سی ایشن کے نومنتخب صدر راجہ ذوالفقار ایڈووکیٹ ،صدر پریس کلب مظہر حسین جعفری ،راشد راج ،راجہ غضنفر ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا اس موقع پر سابق ممبر اسمبلی راجہ مقصوداحمدخان، سابق امیدوارراجہ خوشنود علی خان، ڈپٹی کمشنر چوہدری گفتار حسین ، ایس پی چوہدری منیرحسین، اسسٹنٹ کمشنرراجہ عارف محمود خان، سابق وائس چیئرمین آزادجموںوکشمیربارکونسل راجہ خالد محمود خان، آزادجموںوکشمیربارکونسل راجہ شفیق اللہ خان ،مسلم لیگ ن تحصیل سماہنی کے صدرحاجی راجہ منیراللہ خان، ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل راجہ غلام ربانی،ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کمیٹی بھمبرمرزااجمل جرال، ایڈمنسٹریٹرٹائون کمیٹی راجہ مشتاق احمد خان، راجہ ذوالقرنین خان،آزاد جموں وکشمیر پریس فائونڈیشن ضلع بھمبر کے بورڈ آف گورنر کے نومنتخب ممبرناصر شریف بٹ ،بار اور پریس کلب کے عہدیداران و اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

قبل ازیں صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کشمیر پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران اور سماہنی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا اور اانہیں مبارک باددی۔صدرآزادکشمیرسردارمحمدمسعود خان کہا کہ ہمارا مقابلہ بزدل دشمن سے ہے جو مقبوضہ کشمیر اورایل او سی پر نہتے کشمیریوں پر بے پناہ مظالم میں دن بدن آضافہ کر رہاہے بزدل دشمن آئے روز ایل او سی پر شدید فائرنگ اور گولہ باری کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہاہے عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں پربھارت کو انٹرنیشنل کورٹ میں سزا ملنی چاہیے ۔

اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو بھارت کے بین الاقوامی جرائم کا نوٹس لینا چاہیے ۔ ہندوستان کی طرف سے ایل او سی پر شدید خلاف ورزیوںکے باوجود ایل او سی پر بسنے والے جس بہادری اور جرات کے ساتھ ڈٹ کرمقابلہ کررہے ہیں وہ ان کی اس خطہ سے والہانہ عقیدت ، محبت اور حب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے بار اور ابلاغ عامہ کے نمائندگان سے کہاکہ وہ مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے ابلاغ عامہ کا موثر ہتھیار استعمال کریں

متعلقہ عنوان :